Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ترمیم شدہ نیب قانون نے احتساب کو دفن کردیا‘

عمران خان کے مطابق ’تاریخ سازش کرنے والوں کو فراموش کرے گی اور ہی نہ ہی معاف (فوٹو: ٹوئٹر، پی ٹی آئی آفیشل)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب مجرموں کی امپورٹڈ سرکار کے ترمیم شدہ نیب قانون نے احتساب کو ہی دفن کر دیا۔‘
پیر کو اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا ’حکومت تبدیل کرنے کی امریکی سازش کے ذریعے محض مجرموں کے اس ٹولے کو ایک اور این آر او دینے کے لیے پاکستان کی پوری معشیت، سیاسی نظام کو پٹری سے اتارا گیا۔‘
ان کے مطابق اس کی تصدیق ن لیگ کے خرم دستگیر کر چکے ہیں۔
عمران خان نے پیغمبر اسلام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’ان کے فرمان کا مفہوم ہے کہ تباہی ان معاشروں کا مقدر بنتی ہے جہاں کمزور کی پیٹھ پر تو تعزیز کا کوڑا برستا ہے مگر طاقتور قانون کی پہنچ سے دور رہتے ہیں۔ آج نیب کے اس ترمیم شدہ قانون کے ساتھ ہم وائٹ کالر کرائم کے مجرموں کو احتساب سے مبرا کرتے ہوئے تباہی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اس سے مجرم مافیا کو این آر او ٹو ملے گا اور نیب کے زیر تفتیش 1200 ارب میں سے 1100 ارب روپے کے مقدمات اب نیب کے دائرہ اختیار سے نکل جائیں گے۔‘
ان کے بقول ’تاریخ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو فراموش کرے گی اور ہی نہ کبھی معاف کرے گی۔‘

شیئر: