Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نائب گورنر مکہ نے عازمین حج کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا

نائب گورنر نے سرکاری اداروں کے ان دفاتر کا بھی معائنہ کیا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان جو مرکزی حج کمیٹی کے نائب سربراہ بھی ہیں، نے پیر کو کنگ عبدالعزیز حج ٹرمینل اور منٰی و مزدلفہ و عرفات (مشاعر مقدسہ) کا دورہ کرکے حج کے لیے آنے والوں کے استقبال کے انتظامات کا معائنہ کیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ انجینیئر صالح الجاسر، وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، ڈائریکٹر امن عامہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی، مطارات جدہ کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ایمن ابو عباۃ اور متعلقہ اداروں کے عہدیدار بھی ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ انجینیئر صالح الجاسر بھی ہمراہ تھے۔ (فوٹو ایس پی اے)

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ بدر بن سلطان نے اپنے دورے کا آغاز کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج و عمرہ کمپلیکس سے عازمین حج کے خیرمقدم کا آپریشنل پروگرام اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ حج و عمرہ کمپلیکس جانے والے روڈ کا بھی معائنہ کیا۔
روڈ کے دونوں جانب کے مناظر نیز بس سٹینڈز اور کمپلیکس میں داخل ہونے والے گیٹ نمبر 17 اور 14 کی سہولیات کے بارے میں بھی اطمینان حاصل کیا۔

ایک مسافر ہال میں 300 افراد بیٹھ سکتے ہیں (فوٹو ایس پی اے)

نائب گورنر کو بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ کی پارکنگ اور اسلامی آرٹ گیلری کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں ایئرپورٹ پر حج و عمرہ ہال کمپلیکس کی تیاری کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
 نائب گورنر نے پلازہ زون میں نئے انتظامات دیکھے۔ یہ زون 20 ایئرکنڈیشن گیسٹ ہاؤسز پر مشتمل ہے۔ اس کا اہتمام طیارے سے اتر کر بسوں پر جانے سے قبل عازمین کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کا رقبہ 1200 مربع میٹر کے لگ بھگ ہے۔ ایک ہال میں 300 مسافر بیٹھ سکتے ہیں۔
نائب گورنر نے سرکاری اداروں کے ان دفاتر کا بھی معائنہ کیا جہاں حج پر آنے والوں کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔ 

حج پر آنے والوں کی خدمت کے لیے سرکاری اداروں کے دفاتر بھی ہیں (فوٹو ایس پی اے)

حج و عمرہ ہالز کمپلیکس کا مجموعی رقبہ 5 لاکھ 10 ہزار مربع میٹر ہے۔ یہاں پلازہ  زون میں 40 مصلے  بنائے گئے ہیں۔ جہاں پانچ ہزار افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ کمپلیکس میں تمام سہولیات سے آراستہ ایک کلینک بھی ہے۔ سعودی ہلال احمر کی تین ٹیمیں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر رہتی ہیں۔
نائب  گورنر کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حرمین ایکسپریس ٹرین سٹیشن بھی گئے۔ انہیں بتایا گیا کہ 35 ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔ ہر ایک سے 417 افراد سفر کرسکتے ہیں۔ 800 تک کی گنجائش ہے۔ جدہ سے مکہ کے لیے حج موسم میں روزانہ 30 ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔

نائب گورنر کو خدمات کے حوالےسے بریفنگ دی گئی (فوٹو ایس پی اے)

 شہزادہ بدربن سلطان نے مشاعر مقدسہ میں جبل الرحمہ سے متصل مقامات پر نئے منصوبے کا معائنہ کیا۔ دو لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر مختلف سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ بسوں اور عازمین کی گاڑیوں کے بھی سٹینڈز ہیں۔ نئے ٹوائلٹ بنائے گئے ہیں۔
جبل الرحمہ اور اس کے اطراف روشنی کا خصوصی بندوبست ہے۔ پینے کے پانی کا خصوصی انتظام ہے جبکہ موسم کو خوشگوار بنانے کے لیے پھوار کا بندوبست اورسبزہ زار ہیں ۔ حجاج کی خدمت پر مامور سرکاری اداروں کے دفاتر بھی ہیں۔ 

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: