Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ کب تک چلے گا؟

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں ہوں گی (فوتو: روئٹرز)
پاکستان کے بیشتر شہروں میں آج اور کل بدھ کو مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات اسلام آباد مرکز کے ڈائریکٹر فورکاسٹ ظہیر احمد بابر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’دو روز کم و بیش پورے ملک میں ہی بارشیں ہوں گی۔‘
طغیانی کے خدشے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا، گلیات، کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہونے کے علاوہ وہاں کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے بھی خطرات ہیں۔
بڑے شہروں کے موسمی حالات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور دوسرے بڑے شہروں میں بھی چونکہ مزید بارشیں ہوں گی، اس لیے ان میں اربن فلڈنگ  کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح موسمیاتی مرکز اسلام آباد کی 20 جون کی فورکاسٹ کے مطابق مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جن کا سلسلہ اگلے روز تک جاری رہے گا۔
پریس ریلیز کے مطابق 21 جون کو خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی، کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقون کے ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

کل یعنی 22 جون کے موسم کے حوالے بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب اور اسلام آباد میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالا و وسطی سندھ میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقون میں موسم مرطوب رہے گا۔
اسی طرح 23 جون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
خیال رہے ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور تقریباً ملک کے تمام ہی علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں۔

’ملک کے بیشتر حصوں میں آج اور کل بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

پیر کو شدید بارشوں کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں چھتیں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم ادارے این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی۔
اسی روز ہی پنجاب میں ڈیرہ غازی خان،رحیم یار خان، منڈی بہاؤ الدین، راولپنڈی، جہلم، چکوال، مری، ملتان ، بہاولپور اور لیہ میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آئے۔
اسی طرح لیہ میں چھتیں گرنے کے دو الگ الگ واقعات میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ سبی سے تقریباً 20 کلومیٹر دو کٹ میڈانی کے علاقے میں برساتی نالے میں پک گاڑی بہہ گئی جس سے چار خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے تھے۔
اسی طرح کئی علاقوں میں رابطہ پل بہہ جانے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

شیئر: