Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر پیٹرول سستا کریں گے: وزیر خزانہ

وزیر خزانہ نے کہا میں نے کبھی بھی پاکستان کی ایسی نازک حالت نہیں دیکھی تھی۔ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے جیسے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمت نیچے آئے گی ہم بھی پیٹرول کی قیمت کم کر دیں گے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’ہم شہباز شریف کی اس حکومت میں ٹیکس بڑھائیں گے لیکن امیر لوگوں سے ٹیکس لیں گے۔‘
انہوں نے ایک بار پھر گزشتہ حکومت پر ملک کی معاشی بدحالی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا چار سال عمران خان کی حکومت رہی ہے آپ یہ دیکھیں خسارہ کتنا بڑھ گیا۔
’پاکستان کی تاریخ کے چار بڑے خسارے عمران خان نے کیے۔ بجٹ کے خسارے، یعنی جو خرچے تھے اور جو ٹیکس تھا اس کے توازن میں جو فرق تھا وہ عمران خان کے (دور حکومت سے) زیادہ کبھی بھی نہیں ہوا پاکستان کی تاریخ میں۔‘
مفتاح اسماعیل نے کہا ’(عمران خان) آپ 25 ہزار ارب کے قرضے پر آئے تھے اور 45 ہزار ارب پر چھوڑ کر گئے۔ پونے چار سال کے قلیل عرصے میں آپ نے پاکستان کا قرض 80 فیصد بڑھا دیا۔ تو پھر آپ کیسے بات کر سکتے ہیں خودمختاری کی۔ جب ہر جگہ جا کر آپ قرض لے رہے ہیں، کبھی پیکیج بولتے ہیں اور کبھی ڈپازٹ کہتے ہیں تو پھر کون سی خودمختاری ہے۔‘
’اصل خودمختاری تب ہو گی جب بجٹ خسارے ختم ہو گے جب ہمیں قرض نہیں لینے پڑیں گے۔‘

مفتاح اسماعیل نے کہا ’پاکستان کی تاریخ کے چار بڑے خسارے عمران خان نے کیے۔‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے کہا جس نہج پر عمران خان صاحب (ملک) چھوڑ کر گئے تھے اور آج ان کے لوگ ہمیں بھاشن دیتے ہیں۔ تو بھائی آپ پاکستان کو دیوالیے کی نہج پر چھوڑ کر گئے تھے۔
وزیر خزانہ نے کہا ’میں نے کبھی بھی پاکستان کی ایسی نازک حالت نہیں دیکھی تھی۔ عمران خان 120 ارب ماہانہ کا خسارہ چھوڑ کر گئے تھے۔ یہ خسارہ صرف پیٹرول اور ڈیزل کے اندر ہو رہا تھا۔ حکومت چلانے سے تین گنا زیادہ خرچہ آپ صرف پیٹرول اور ڈیزل کی سبسڈی پر کر رہے تھے صرف اپنی حکومت بچانے کے لیے۔‘
’ورنہ جب پیٹرول سستا تھا اور جب آپ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش نہیں ہوئی تھے تو آپ پیٹرول پر 20 روپے لیوی اور 10 فیصد سیلز ٹیکس لیتے تھے۔‘
انہوں نے کہا ’جو ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی ہیں تو پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ ہماری ذمہ داری تھی کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچائیں اور آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم دیوالیہ ہونے سے بچ گئے ہیں۔‘

مفتاح اسماعیل نے کہا ’ہم ٹیکس بڑھائیں گے لیکن امیر لوگوں سے ٹیکس لیں گے۔‘ (فوٹو: پکسابے)

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کل چین نے دو ارب 30 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دی ہے۔ پرسوں ہم نے دستخط کیے تھے اور کل چین کے بنکوں نے دستخظ کر دیے ہیں۔ کل نہیں تو پیر کو وہ پیسے ٹرانسفر ہو جائیں گے۔
’میں چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ہمارے جو سیف ڈپازٹ ان کے ہاں رکھے ہیں جو جون اور جولائی میں واجب الادا تھے، وہ انہوں نے ہمارے کہے بغیر خود آگے بڑھا دیے ہیں۔‘

شیئر: