Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سوشل میڈیا پر ایکیٹوغیرلائسنس یافتہ غیرملکیوں کو اشتہارات نہ دیے جائیں‘

سوشل میڈیا پر متعدد اشتہاری خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ریاض چیمبرآف کامرس نے پھر کہا ہے کہ سوشل میڈیا پرایکیٹو غیرلائسنس یافتہ غیرملکیوں کو اشتہارات نہ دیے جائیں۔ 
اخبار 24 کے مطابق ریاض ایوان صنعت و تجارت کی جانب سے تجارتی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سماجی رابطہ کے وسائل پر اپنی مصنوعات یا تجارتی اشیا کی تشہیر کے لیے غیرلائسنس یافتہ غیرملکی خواہ وہ مقیم ہوں یا زائرین ان سے رجوع نہ کریں۔
چیمبرآف کامرس کا مزید کہنا تھا کہ غیرملکیوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر متعدد اشتہاری خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں جن پرکارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ 
اشتہار دینے والوں کے بارے میں تحقیق کرنے پرمعلوم ہوا کہ انہوں نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے جن میں سے بعض تجارتی پردہ پوشی جبکہ کچھ خلاف ورزیاں کمرشل رجسٹریشن ’سی آر‘ کا نہ ہونا تھا۔ 
ایوان صنعت کا کہنا تھا کہ انسداد تجارتی پردہ پوشی کے تحت مملکت میں کوئی بھی غیرملکی بغیر لائسنس کے ذاتی کارروبار نہیں کر سکتا ایسے افراد جو کسی سعودی کے نام پراپنا کارروبار کرتے ہیں وہ قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں جس پرقید اورجرمانے کی سزا مقرر ہے۔  
یاد رہے کہ اس سے قبل جنرل کمیشن فار آڈیو ویژول میڈیا نے بیان میں کہا تھا کہ غیرملکیوں کو سوشل میڈیا پر اشتہار دینے کی اجازت نہیں ہے۔
’قانون کے مطابق ایسے کسی بھی غیرملکی کو جو ملازمت قانون کی خلاف ورزی کر کے رہ رہا ہو اور اس کے پاس سوشل میڈیا پر اشتہار کے کاروبار کا پرمٹ نہ ہو، اسے سوشل میڈیا پر اشتہار دینے کی اجازت نہیں ہے۔‘
کمیشن کا بیان میں کہنا تھا کہ ’یہ بات مشاہدے میں آ رہی ہے کہ بعض مقیم غیرملکی اور مملکت وزٹ ویزے پر آنے والے سوشل میڈیا پر اشتہار دے رہے ہیں۔‘
’پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے پاس اشتہار کے کاروبار کا پرمٹ نہیں۔ ان کا کسی کاروباری ادارے سے تعلق ہے اور نہ ان کے پاس غیرملکی انویسٹمنٹ لائسنس ہے اس کے باوجود وہ اشتہاری سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔‘
   

شیئر: