نیوزی لینڈ کے کوچز اپنی ٹیم کی اسائمنٹس چھوڑ کے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کریں گے
رواں برس جنوری میں رونکی کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ تصویر: گیٹی امیجز
نیوزی لینڈ کے کوچ لیوک رونکی اور جیکب اوروم پی ایس ایل 2026 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کوچنک کی خدمات انجام دیں گے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق یہ ایونٹ ایک ایسے وقت میں شروع ہو گا جب نیوزی لینڈ کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کھیلے گی جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز بھی انہی دنوں میں ہو گی۔
لیوک رونکی اس وقت نیوزی لینڈ ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہیں جبکہ جیکب اورم بولنگ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
رواں برس جنوری میں رونکی کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
رونکی 2017 اور 18 میں ٹورنامنٹ میں ڈیبیو کے بعد تین سیریز تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ جنوری میں ان کو ٹیم کی کوچنگ کے لیے نامزد کیا گیا تھا جبکہ اوروم ان کے ایک اسسٹنٹ کے طور پر کام کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے پرفارمنس مینیجر مائیک سینڈل کا کہنا ہے کہ ’لیوک اور جیک کے لیے اپنا کوچنگ کا تجربہ بڑھانے اور نیوزی لینڈ سے باہر کے ماحول میں اپنی صلاحیتوں کو نکھانے کا ایک بہترین موقع ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی دنیا بھر میں مقبول ہیں اور عالمی سطح پر ہمارے کوچز کی بھی بہت مانگ ہے۔
’ہمیں یقین ہے کہ پی ایس ایل میں خدمات انجام دینے سے ان کو کافی فائدہ حاصل ہو گا اور وہ ایسی معلومات اور تجربات بھی اپنے ساتھ ملک میں لائیں گے جو بلیک کیپس اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔‘
نیوزی لینڈ کی ٹیم 15 مارچ سے 25 مارچ تک جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے گی، جبکہ پی ایس ایل کا آغاز 26 مارچ سے متوقع ہے۔
اس کے بعد نیوزی لینڈ کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے جہاں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے، تاہم اس سیریز کے شیڈول کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیوک رونکی اور جیکب اورم کی غیر موجودگی میں ویلنگٹن کے کوچ جانی بیسیٹ گراہم اور نیٹ ورک کوچ گرائمے ایلڈرج جنوبی افریقہ میں سیریز کے دوران ہینڈ کوچ راب والٹر کے معاون کے طور پر کام کریں گے۔
اسی طرح بنگلہ دیش کے دورے کے دوران کینٹربری کے برینڈن ڈونکرز خدمات انجام دیں گے۔
مائیک سینڈل کے مطابق ’جانی، گریم اور برینڈن کو بلیک کیپس کے ساتھ کام کا موقع ملنا خوش آئند ہے۔‘