Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جنرل باجوہ سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی‘ شہزادہ خالد بن سلمان کا اردو میں ٹویٹ

دفاعی اور عسکری شعبے میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اتوار کو جدہ میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  سے ملاقات کے حوالے سے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ سے اردو میں ٹویٹ کیا ہے۔
 سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹ کیا کہ ’مجھے پاکستانی فوج کے کمانڈر جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری شعبے میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔
’اس کےعلاوہ مملکت اور پاکستان کے درمیان قریبی تاریخی تعلقات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے بڑھانے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان برادر ملکوں کے درمیان دفاعی اورعسکری باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
’ مملکت اور پاکستان کے گہرے تاریخی تعلقات کے تحت دونوں ملکوں کے دفاعی و عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے متعدد امور زیر بحث آئے‘۔ 
ملاقات کے موقع پر سعودی نائب وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر ہشام بن عبدالعزیز السیف اورپاکستان میں تعینات سعودی آرمی اتاشی میجر جنرل عوض بن عبداللہ الزھرانی بھی موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے مملکت میں متعین سفیر امیرخرم راٹھور، آرمی چیف کے پرسنل سیکریٹری میجر جنرل محمد عرفان اور مملکت میں متعین پاکستانی آرمی اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم شریک ہوئے۔ 
 یاد رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرڈر آف شاہ عبدالعزیز اعزاز سے نوازا ہے جو مملکت کے بانی کے نام پر ہے۔

شیئر: