Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمعرات سے مون سون کا آغاز، ’رواں سال زیادہ بارشیں ہوں گی‘

کراچی، لاہور، فیصل آباد سمیت دوسرے شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات نے جمعرات سے پاکستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
پیر کو کراچی مرکز کے چیف مٹیرولوجسٹ سردار سرفراز نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’30 جون سے مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
معمول سے زیادہ بارشوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ’گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال زیادہ بارشیں ہوں گی۔
محمکہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے کچھ علاقوں میں 10 سے 20 فیصد جبکہ کچھ علاقوں میں 20 سے 30  فیصد معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔
مون سون کے پہلے سپیل میں ہونے والی بارشوں کے حوالے سے سردار سرفراز کا کہنا تھا ’30 جون کو پاکستان کے شمال سے داخل ہونے والے سپیل سے پہلے مغربی سندھ اور بلوچستان میں بارشیں ہوں گی۔ جبکہ جولائی سے اگست کے درمیان تک مون سون کا پہلا سلسلہ دوسرے سلسلے کی نسبت زیادہ مرطوب ہو گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’پاکستان کے صوبہ پنجاب اور سندھ میں زیادہ بارشیں ہوں گی جبکہ باقی تمام علاقوں میں معمول سے کچھ زیادہ بارشیں ہوں گی۔
پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کی وارننگ جبکہ صوبہ سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، فیصل آباد سمیت دوسرے شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
اس سے قبل پاکستان میں پری مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔

شیئر: