Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوٹرل سیاسی انجینیئرنگ بند کر دیں اور نیوٹرل ہی رہیں: ڈاکٹر یاسمین راشد

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ’اس الیکشن کے لیے ہم ہر طرح سے تیار ہیں۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر یاسمین راشد)
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ’جو نیوٹرل ہیں وہ نیوٹرل ہی رہیں۔ پولیٹیکل انجینئیرنگ کرنے کی جو کوشش جاری ہے وہ ترک کر دیں۔‘
پیر کو لاہور میں میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’نیوٹرل کہہ رہے ہیں کہ وہ نیوٹرل ہیں، لیکن ہماری اطلاع ک مطابق وہ نیوٹرل نہیں ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ہر حال میں صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں مگر ہم بے وقوف نہیں ہیں۔‘
تحریک انصاف کی سنٹرل پنجاب کی صدر نے کہا کہ ’میں ان کو کہنا چاہتی ہوں کہ ہم اسی ملک کے باشندے ہیں کوئی مقبوضہ کشمیر کے نہیں ہیں اور نہ ہی ہندوستان سے آئے ہیں۔ آپ لوگوں کو نیوٹرل ہی رہنا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ کا نیوٹرل رہنا ضروری ہے اور وجہ یہ ہے کہ کل پھر کوئی الزام نہ آجائے کہ آپ نیوٹرل نہیں رہے۔‘
’الیکشن کا صاف و شفاف ہونا بہت اہم ہے اور ہماری اطلاع کے مطابق نیوٹرل اب نیوٹرل نہیں ہیں۔ انہوں نے ساری انتظامیہ کو اپنے ساتھ شامل کیا ہوا ہے، اور ہمارے لیے مسائل کھڑے کریں گے۔‘
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ’ہم آپ کو بتا دیں کہ اس الیکشن کے لیے ہم ہر طرح سے تیار ہیں۔‘
اس سے قبل گزشتہ ہفتے تحریک انصاف کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ’اسٹیبلشمنٹ پاکستان کی سیاست کی پلیئر ہے، وہ کیسے نیوٹرل ہو سکتی ہے۔ اگر عسکری ادارہ نہ چاہتا تو ہماری حکومت کیسے گر سکتی تھی۔‘
نجی چینل اے آر وائی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  ’پاکستان میں ہمیشہ فوج اور عدلیہ میں مل کر حکومتیں تبدیل کی ہیں اور اس میں سیاستدانوں کا بھی قصور ہے جو رولز آف گیم طے نہ کر سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دل بہلانے کو تو ہم کہہ سکتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں فوج اور عدلیہ پولیٹیکل پلیئرز ہیں۔ انہوں نے ذوالفقار بھٹو جیسے شخص کو پھانسی لگا دی۔ یہ ظلم کی حد ہے۔‘

شیئر: