Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں ’مسافر اب چار سو ڈالر تک کا سامان بغیر ڈیوٹی لا سکیں گے‘

وزیراعظم کے معاون خصوصی سلمان صوفی نے کہا ہے کہ بیرون ملک جا کر ایک ماہ کے دوران واپس آنے والے مسافر اب چار سو ڈالر تک کا سامان بغیر ڈیوٹی لا سکیں گے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان صوفی نے کہا کہ ’جن افراد کا قیام ایک ماہ سے زیادہ اور 60 روز تک ہوتا ہے ان کی حد آٹھ سو ڈالر تک کر دی گئی ہے۔‘
سلمان صوفی نے 60 روز سے زیادہ وقت بیرون ملک گزار کر آنے والوں کے حوالے سے بتایا کہ ان کے لیے ڈیوٹی فری سامان کی حد 1200 ڈالر تک مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہنگامی صورت حال میں جان بچانے والی ٹریننگ سی پی آر کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
’جو اس کا حصہ بننا چاہے وہ 1166 پر کال کر کے خود کو رجسٹرڈ کروا سکتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اس قابل ہو جائیں کہ خدانخواستہ کسی ہنگامی صورت حال میں اپنے ساتھی کی جان بچا سکیں۔‘
سلمان صوفی نے بتایا کہ ایک دو ہفتے میں وزیراعظم شہباز شریف اس مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔
انہوں نے بینکنگ سیکٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں چھوٹی اور درمیانی درجے کی کمپنیز کو اکاؤنٹ کھلوانے کے وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ ان سے مختلف کاغذات کا مطالبہ کیا جاتا تھا۔
ان کے مطابق اب کمپنیز کے کاغذات ایس سی سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب کر دیے گئے اور بینکس وہیں سے ان کو چیک کر سکیں گے۔ کمپنیز کے اکاؤنٹس ڈائریکٹر کے شناختی کارڈ پر ہی کھولا جا سکے گا۔

شیئر: