Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہت شرما آخری ٹیسٹ سے باہر، جسپریت بُمرا کپتانی کریں گے

انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان ایجبسٹن میں اب تک سات ٹیسٹ میچز کھیلے گئے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پانچواں ٹیسٹ میچ جمعے کے روز برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔
انڈین ٹیم کے لیے جمعرات کے روز اس وقت بُری خبر سامنے آئی جب کپتان روہت شرما کو کورونا وائرس کے باعث پانچویں ٹیسٹ میچ سے باہر ہونا پڑگیا۔
جمعرات کے روز روہت شرما کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے باعث انہیں ٹیسٹ میچ سے دستبردار ہونا پڑ گیا ہے۔
روہت شرما کی عدم موجودگی میں انڈین فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا ٹیم انڈیا کی کپتانی کریں گے، جبکہ رشبھ پنت ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔
35 سال بعد انڈین ٹیم کے لیے یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی کپتانی فاسٹ باؤلر کر رہا ہے۔
روہت شرما کے میچ سے باہر ہونے پر جسپریت بمرا نے کہا ہے کہ ’ہم پانچویں ٹیسٹ میچ میں روہت شرما کی کمی محسوس کریں گے، وہ ہمارے لیے اتنے اہم کھلاڑی ہیں۔‘
رواں سال انڈین کرکٹ ٹیم کے لیے آٹھ میچز کے لیے پانچ مختلف کھلاڑیوں نے کپتانی کی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اجنکیا رہانے نے ٹیم کی کپتانی کی تھی، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں وراٹ کوہلی نے کپتانی کی تھی اور اسی طرح جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے اور تیسرے ٹیسٹ میں وراٹ کوہلی کپتان تھے، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں کے ایل راہول نے کپتانی کی تھی۔
اسی طرح سری لنکا کے خلاف پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میچز میں روہت شرما کپتان  تھے اور اب انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں جسپریت بمرا کپتان ہوں گے۔
دوسری جانب انگلینڈ نے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

جسپریت بمرا نے کہا ہے کہ ’ہم پانچویں ٹیسٹ میچ میں روہت شرما کی کمی محسوس کریں گے (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)

ٹیم کی کپتانی بین سٹوکس کریں گے، جبکہ ٹیم میں الیکس لیز، زیک کرالی، اولے پوپس، جو روٹ، جونی بیئرسٹو، سیم بلنگز، میتھیو پوٹ، سٹوارٹ براڈ، جیک لیچ اور جمی اینڈرسن شامل ہیں۔
اس ٹیسٹ میچ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیریز میں انڈٰیا کے لیے سب سے زیادہ سکور کرنے والے بیٹر کے لیے روہت شرما اور کے ایل راہول دونوں ٹیم سے باہر ہیں۔
انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان ایجبسٹن میں اب تک سات ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں جس میں انگلینڈ چھ میچوں میں کامیاب ہوا ہے، جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا ہے۔
خیال رہے انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا یہ ٹیسٹ میچ 2021 کی سیریز کا بقیہ میچ ہے جو کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا۔

شیئر: