Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کارکردگی نہیں دکھا سکتے تو لوگوں سے چُپ رہنے کی اُمید نہ رکھیں: وراٹ کوہلی پر تنقید

وراٹ کوہلی نے آخری سینچری 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف بنائی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے ایک بیان میں وراٹ کوہلی سے متعلق کہا کہ ’اگر کارکردگی نہیں دکھا سکتے تو لوگوں سے چپ رہنے کی امید نہ رکھیں۔‘
انڈین نیوز ایجنسی ہندوستان ٹائمز کے مطابق کپل دیو، وراٹ کوہلی کے سینچری سکور نہ کرنے پر کافی دکھی دیتے ہیں۔
کپل دیو نے کہا کہ ’میں نے ویراٹ جتنی کرکٹ تو نہیں کھیلی لیکن اگر کوئی بہت نہ بھی کھیلا ہو تو بھی چیزوں کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بطور سابق کھلاڑی ہمارا حق ہے کہ کرکٹرز کی کارکردگی پر سوال اٹھائیں۔‘
’اگر آپ ہمیں غلط ثابت کریں گے تو ہمیں خوشی ہوگی۔ اگر آپ کارکردگی نہیں دکھا سکتے تو لوگوں سے چپ رہنے کی امید نہ رکھیں، آپ کے بلے اور کارکردگی کو بولنا چاہیے۔‘
وراٹ کوہلی پچھلے تین برسوں سے اچھی پرفارمنس نہیں دکھا پا رہے۔
انہوں نے آخری مرتبہ23 نومبر 2019 کو بنگلہ دیش کے خلاف سینچری بنائی تھی جس کے بعد سے اب تک وہ 73 اننگز میں کوئی سینچری سکور نہیں کرسکے۔
آئی پی ایل کے پورے سیزن میں بھی وراٹ کوہلی کا بلا خاموش رہا۔
جمعرات کے دن انڈیا اور لیسسٹرشائر کے درمیان ہونے والے وارم اپ میچ میں بھی وراٹ کوہلی صرف 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کپل دیو کے اس بیان پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین تبصرے کر رہے ہیں۔
پرانجے نامی صارف لکھتے ہیں کہ ’کپل ٹھیک کہہ رہے ہیں۔ وراٹ کوہلی کو جارحانہ کھیلنا ہوگا حالانکہ ان کے ریکارڈ بہترین ہیں لیکن اب پرانی کارکردگی کو ہی یاد کرنے کا وقت نہیں ہے۔‘
ایک اور ٹوئٹر صارف کہتے ہیں کہ ’بد قسمتی سے وراٹ کا وقت ختم ہو گیا ہے۔‘
سدھارتھا نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا ہی ہو کہ وراٹ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سینچری سکور کر کے ناقدین کا منہ بند کر دیں۔‘
خیال رہے کہ انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان 2021 میں ہونے والی سیریز کا کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والا پانچواں ٹیسٹ میچ یکم جولائی سے برمنگھم میں ہوگا۔
پانچ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو 1-2 سے برتری حاصل ہے۔

شیئر: