Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوالالمپور میں جنوب مشرقی ایشیا کی علما کانفرنس کا افتتاح

17 ممالک کی 44 مذہبی شخصیات اور رہنما کانفرنس میں شریک ہیں( فوٹو ایس پی اے)
ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری اسماعیل صبری بن یعقوب اور رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے جمعے کو کوالالمپور میں ’جنوب مشرقی ایشیا کے علما کی کانفرنس‘ کا افتتاح کیا ہے۔
 ملائیشیا کے وزیر مذہبی امور سینیٹر داتو حاج ادریس بن حاج احمد اور17 ممالک کی 44 مذہبی شخصیات اور رہنما بھی تقریب میں موجود تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم نے کانفرنس سے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ’رابطہ عالم اسلامی نے اس کانفرنس کی میزبانی کے لیے ملائیشیا کا انتخاب کیا جو باعث فخر ہے۔ ایسی کانفرنس جو کثیرنسلی اورکثیرمذہبی معاشرے میں یگانگت کے حوالے سے اسلامی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے ہورہی ہے‘۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے کانفرنس سے افتتاحی خطاب کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)

ڈاکٹر محمد العیسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’اسلام امن کا علمبردار مذہب ہے۔ اسلامی تعلیمات قرآن و سنت سے احکام اخذ کرنےوالے معتبرعلما ہی سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اسلام سے منسوب بعض افراد کی غلطیوں کو دین اسلام سے منسوب کرنا غلط ہے‘۔ 
جنوب مشرقی ایشیا کےعلما نے رابطہ عالم اسلامی کے تحت کوالالمپور میں کانفرنس کے انعقاد پر ملائیشیا کے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

بعض افراد کی غلطیوں کو دین اسلام سے منسوب کرنا غلط ہے(فوٹو ایس پی اے)

علما نے کہا کہ امت مسلمہ اسلام  کی ہدایات کے مطابق دنیا بھر کے انسانوں کے ساتھ روا داری سے  پیش آئے۔ انتہا پسندی کو مسترد کیاجائے اور اس کا مقابلہ کیا جائے۔ محبت، رحمدلی اور ہموطنوں کے درمیان الفت کا ماحول بنایا جائے۔ 
علما نے اتحاد و یگانگت کی بنیاد پرریاست کے فقہا پرامن بقائے باہم کو اپنی ترجیح بنانے کی بھی سفارش کی ہے۔  
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد اوراسلامی اتحاد کے لیے ثانوی اختلافات کو پس پشت ڈال دیا جائے۔  

شیئر: