Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام پر اسرائیلی حملے میں دو شہری زخمی، وزارت دفاع

شام میں جاری خانہ جنگی نے تقریباً نصف آبادی کو گھروں سے بے گھر کر دیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
شام کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ ملک کے مغربی ساحل پر  ہفتے کے روز اسرائیلی حملے میں دو شامی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ہفتے کی صبح 6:30 بجے الحمدیہ قصبے کے قریب ایک فضائی حملہ کیا گیا۔

اسرائیل نے شمالی پڑوسی ملک کے خلاف سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔ فوٹو گلف ٹوڈے

وزارت دفاع  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس حملے میں علاقے میں موجودپولٹری فارمز کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم اس کے علاوہ مزید وضاحت نہیں کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ ہے یہ حملہ لبنان کے شمالی شہر طرابلس کے مغرب میں بحیرہ روم سے کیا گیا اور اس حملے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو شہری زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2011 سے شام میں خانہ جنگی جاری ہونے کے بعد سے اسرائیل نے اپنے شمالی پڑوسی ملک کے خلاف سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں شامی حکومت کے فوجیوں کے ساتھ ساتھ ایران کی حمایت یافتہ اتحادی افواج اور لبنانی شیعہ عسکری گروپ حزب اللہ کے جنگجوؤں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ  دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کے باعث رن وے کے مخلتف حصے کئی ہفتوں تک ناقابل استعمال رہے تھے۔

شام میں جاری جنگ نے تقریباً پانچ لاکھ افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

شام میں انسانی حقوق کی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے بتایا ہے کہ سویلین اور فوجی رن وے کو پہنچنے والے وسیع نقصان کے علاوہ اسرائیلی حملوں میں قریبی گوداموں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو ایران اور حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ڈپو کے طور پر استعمال ہوتے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ شام میں جاری جنگ نے تقریباً پانچ لاکھ افراد کی جانیں لے لی ہیں اور اس خانہ جنگی نے شام کی تقریباً نصف آبادی کو گھروں سے بے گھر کر دیا ہے۔
 

شیئر: