Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈن راک سٹار کو 47 سال بعد چوری کیا گیا ’جادوئی گٹار‘ مل گیا

ٹوکیو میں ایک تقریب کے دوران کینیڈین راک سٹار کو جاپانی موسیقار نے گٹار حوالے کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وہ کہتے ہیں نا کہ ’آپ اپنی پہلی محبت کبھی نہیں بھولتے‘، ایسا ہی کچھ کینیڈین راک سٹار کے ساتھ بھی ہوا جو تقریباً نصف صدی سے اپنی پہلی محبت کو ڈھونڈ رہے تھے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کینیڈین راک سٹار رینڈی بچمین کو بالآخر 46 بعد اپنا گٹار مل گیا ہے۔ جس کے ڈھونڈنے میں ایک فین نے ان کی مدد کی۔
رینڈی بچمین نے اوریجنل ’امیریکن وومن‘ کا گانا لکھا تھا۔ 1976 میں ان کا گٹار ٹورنٹو کے ایک ہوٹل سے چوری ہوا تھا۔ گٹار چوری ہونے پر وہ تین دن تک روتے رہے تھے۔
جمعے کو یہ گٹار ٹوکیو میں ان کے حوالے کیا گیا جس کے لیے کینیڈا کے سفارت خانے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔
78 برس کے رینڈی بچمین نے کہا کہ اس گٹار کے ساتھ انہوں نے اپنے سینکڑوں گانے ترتیب دیے۔ ’یہ جیسے میرا جادوئی گٹار تھا اور پھر جب یہ اچانک مجھ سے گیا تو جادو بھی ختم ہو گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’گٹار کی چوری سے میں ٹوٹ گیا تھا۔‘
رینڈی بچمین کے لیے یہ گٹار اس لیے بھی خاص تھا کہ یہ انہوں نے مختلف نوکریاں اور مزدوری کر کے 400 ڈالر کا خریدا تھا۔
یہ پہلی قیمتی چیز تھی جو انہوں نے جوانی میں خریدی تھی۔ ’میرے بینڈ میں لوگ میرا مذاق اڑاتے لیکن اس کے خریدنے کے لیے میں نے سخت محنت کی تھی، اس لیے میں نہیں چاہتا تھا کہ یہ چوری ہو۔‘

78 برس کے رینڈی بچمین نے کہا کہ اپنے پہلے گٹار کے ساتھ انہوں نے سینکڑوں گانے ترتیب دیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کینیڈین راک سٹار نے کافی عرصے تک اپنے گٹار کی تلاش کی۔ انہوں نے اپنے انٹرویوز میں بھی اس کا ذکر کیا تھا۔
2020 میں ان کے کینیڈین فین ولیم لانگ نے گٹار کے بارے میں ان کی کہانی سنی تھی۔ ولیم لانگ نے انٹرنیٹ پر گٹار کو ڈھونڈنے کی کوشش کی اور دو ہفتوں کے دوران ہی وہ اس کو ٹوکیو میں تلاش کرنے میں کامیاب ہوئے۔
یہ گٹار ایک جاپانی موسیقار نے 2014 میں ٹوکیو سے تقریباً چھ ہزار 300 ڈالر کا خریدا تھا۔
58 برس کے ولیم لانگ نے بتایا کہ ’میں پُراعتماد تھا کہ میں اس کو ڈھونڈ لوں گا۔‘
جاپانی موسیقار کو اس گٹار کے بدلے ایک اور گٹار دیا گیا۔

شیئر: