Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مس مارول: ہالی وڈ میں پہلی بار پاکستان کا کلچر دکھایا جائے گا، شرمین عبید

شرمین عبید چنائے کو 'دا گرل ان دا ریور' پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ فوٹو: روئٹرز
پاکستان کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کا کہنا ہے کہ ’مس مارول‘ کے ذریعے پہلی بار ہالی وڈ میں پاکستان کے کلچر، تہذیب، رسم و رواج اور موسیقی کو دکھایا جائے گا۔‘
اردو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں شرمین عبید چنائے نے بتایا کہ ان کا نیا پراجیکٹ ’مس مارول‘ ایک پاکستانی لڑکی کی کہانی ہے جو امریکہ میں رہتی ہے اور کچھ بننا چاہتی ہے۔
’یہ ہالی وڈ کا پہلا پراجیکٹ ہے جس میں پاکستان کے کلچر کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔‘
انہوں نے فلم کی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ ’اس فلم میں پاکستانی لڑکی نیو جرسی میں پڑھ رہی ہے اور اس کا خواب ہے کہ وہ ایک کامیاب خاتون بن سکے۔ وہ سپر ہیرو بننا چاہتی ہے اور اس کے دوران ہماری تہذیب، روایات اور ہمارے رشتے اس کے ساتھ کیسے جڑتے ہیں یہ سب اس فلم میں دکھایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نئے پراجیکٹ کے ساتھ ہالی وڈ میں انٹری سے کئی امیدیں وابستہ ہیں اور یہ پراجیکٹ بھی عالمی سطح پر ایوارڈ جیتے گا۔
’اس سے دنیا بھر میں پاکستان کا چرچا ہوگا، ہماری تہذیب، ہماری روایات دنیا کے سامنے آئیں گی۔‘
شرمین عبید چنائے کہتی ہیں کہ ’میرے لیے سب سے بڑا ایوارڈ یہ ہوگا کہ پاکستان کی تہذیب، ہماری موسیقی سمیت ہمارا کلچر دنیا کے سامنے اُجاگر ہو سکے۔‘
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ’پٹاخہ پکچر‘ کا پراجیکٹ گزشتہ برس شروع کیا ہے۔
’اس سے پاکستان کے نوجوانوں کو موقع فراہم کیا جا رہا ہے کہ وہ فلمسازی کے شعبے میں اپنے آئیڈیاز لے کر آئیں۔ ہمارے ذریعے وہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنا کام پیش کرسکتے ہیں۔‘

شرمین عبید چنائے کہتی ہیں کہ ’میرے لیے سب سے بڑا ایوارڈ یہ ہوگا کہ پاکستان کی تہذیب، ہماری موسیقی سمیت ہمارا کلچر دنیا کے سامنے اُجاگر ہو سکے۔‘ (فوٹو: اردو نیوز)

شرمین عبید چنائے کے بقول ’بہت ضرورت ہے کہ ملک میں اپنے ٹیلنٹ کو آگے بڑھائیں۔ 20 سال پہلے کسی نے میرے لیے دروازہ کھولا، اب ٹائم آ گیا ہے کہ میں خواتین کے لیے اس ملک میں مواقع پیدا کروں۔‘
شرمین عبید چُنائے پر اکثر یہ تنقید کی جاتی ہے کہ وہ پاکستان کے مثبت امیج کے بجائے منفی پہلو اجاگر کرتی ہیں، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں بسنے والوں کے مسائل کو اجاگر کرنا جرم نہیں۔ پاکستان جس کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانی دی، وہ پاکستان جو جناح کا پاکستان ہے اس کی طرف جانے کے لیے ہمیں اپنی آواز اٹھانا ہو گی۔‘ 

شیئر: