Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زمزم کی مفت فراہمی کے لیے خودکار مشینیں نصب

حج سمارٹ کارڈ سے زمزم کی تین بوتلیں روزانہ کی بنیاد پر حاصل کر سکیں گے۔ فوٹو سبق
زمزم سپلائی کرنے والے ادارے الزمازمہ نے عازمین حج کی دس منتخب رہائش گاہوں پر زمزم کے خود کار مشینیں نصب کردی ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق 'بشری زمزم' کے نام سے شروع کیا جانے والا یہ پروجیکٹ تجرباتی مرحلے کے تحت لگایا جا رہا ہے جو عازمین کو زمزم کی بوتلیں مفت فراہم کرے گا۔

یہ مشینیں تجرباتی طور پر نصب کی گئی ہیں، مزید نصب کی جائیں گی۔ فوٹو عرب نیوز

ادارہ الزمازمہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عازمین حج کی منتخب رہائش گاہوں پر ابتدائی طور پر دس خود کار مشینیں نصب کی گئی ہیں۔
حاجی اپنے پاس موجود حج سمارٹ کارڈ میں درج مخصوص کوڈ کے ذریعہ خود کار مشین سے زمزم کی تین بوتلیں روزانہ کی بنیاد پر مفت حاصل کر سکیں گے۔
بشری زم زم کے نام سے رکھی گئی یہ مشینیں معتدل درجہ حرارت پر رکھی گئی ہیں۔ عازمین کی آسانی کے لیے مشین پر نصب سکرین پر مختلف زبانوں میں ہدایات درج کی گئی ہیں۔

عازمین حج کی منتخب رہائش گاہوں پر دس مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

الزمازمہ کی جانب سے منتخب ٹیم حج سیزن کے دوران مشینوں کی دیکھ بھال اور عازمین کی مدد کے لیے مقامات کا دورہ کرتی رہے گی۔
ادارے نے کہا ہے کہ یہ مشینیں تجرباتی طور پر نصب کی گئی ہیں، تجربہ کامیاب ہونے پر یہ مشینیں مزید مقامات پر بھی نصب کی جائیں گی۔
 

شیئر: