سوئٹزرلینڈ کے ریزورٹ میں آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 40 ہو گئی، ’ہر طرف چیخ پکار تھی‘
سوئٹزرلینڈ کے ریزورٹ میں آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 40 ہو گئی، ’ہر طرف چیخ پکار تھی‘
جمعہ 2 جنوری 2026 6:53
سوئٹزر لینڈ کی بار میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 115 افراد زخمی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ بدھ کی شب ڈیڑھ بجے جب لوگ جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے ریزورٹ کرانس مونٹانا میں نئے سال کا جشن منا رہے تھے، اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔
سوئس صدر گی پارمیلین نے اس واقعے کو ملک کے ’بدترین‘ سانحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں۔
ابتدائی طور پر آگ کو دھماکہ سمجھا گیا تھا لیکن ابھی تک اس کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ حملہ نہیں بلکہ ایک حادثہ لگتا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ متاثرین کے نام بتانے اور ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا تعین کرنے میں وقت درکار ہے کیونکہ کئی لاشیں بری طرح جل چکی ہیں۔
ماہرین دانتوں کے ریکارڈ اور ڈی این اے کی مدد سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی کوشش کر رہے ہیں۔
روئٹرز کی ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ عمارت میں آگ پھیل رہی ہے، جبکہ عینی شاہدین نے بتایا کہ باہر نکلنے کی کوشش میں بھگدڑ مچ گئی تھی اور ہر طرف افراتفری کا سماں تھا۔
21 سالہ سیموئیل ریپ نے بتایا کہ ’ لوگ چیخ رہے تھے اور کچھ لوگ زمین پر پڑے تھے، شاید مر چکے تھے، ان کے چہرے جیکٹوں سے ڈھکے ہوئے تھے۔‘
مقامی کینٹن کی پولیس کے سربراہ فریڈرک گسلر نے بتایا کہ 40 کے قریب افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے اور 115 زخمی ہیں، جن میں سے زیادہ تر کی حالت تشویشناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرنے والوں اور زخمیوں کی شناخت کے بارے میں ابھی تفصیلات فراہم کرنا قبل از وقت ہے، تاہم اطالوی حکام نے بتایا کہ چھ اطالوی افراد لاپتہ جبکہ 13 ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
دو نوجوان فرانسیسی خواتین نے فرانس کے ٹی وی چینل بی ایف ایم ٹی وی کو بتایا کہ انہوں نے دیکھا کہ کلب کے تہہ خانے میں آگ اس وقت لگی جب سالگرہ کی شمعوں والی ایک بوتل لکڑی کی چھت کے بہت قریب لے جائی گئی۔
ایما اور البان نامی ان خواتین نے کہا کہ آگ بہت تیزی سے چھت پر پھیل گئی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ایک تنگ سیڑھی کے ذریعے اوپر جا کر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئیں، اور چند منٹ بعد آگ اوپر والے حصے تک بھی پہنچ گئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بار سے باہر نکلنے کی کوشش میں بھگدڑ مچ گئی تھی (فوٹو: روئٹرز)
بی ایف ایم ٹی وی چینل نے ایک ویڈیو نشر کی جس میں ایک ویٹریس روشن فوارہ نما شمع کے ساتھ شیمپین کی بوتل اُٹھائے اندر جا رہی تھیں تاہم اس ویڈیو میں آگ لگنے کا منظر دکھائی نہیں دیا۔
مقامی استغاثہ بیٹریس پیلود نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ سوئس کمپنی کے ریکارڈ کے مطابق یہ جگہ ایک فرانسیسی جوڑے کی ملکیت ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ممکنہ غفلت کے حوالے سے کوئی رائے دینا ابھی قبل از وقت ہوگا۔
کرانس مونٹانا سوئٹزرلینڈ کے سب سے پرتعیش مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ علاقہ سطح سمندر سے 15 سو میٹر بلند ہے اور الپس کے دلکش مناظر پیش کرتا ہے جو میٹرہورن سے لے کر مونٹ بلانک تک پھیلے ہوئے ہیں، جو یورپ کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک ہے۔
سیاح اس کی سادہ مگر پرکشش دلکشی سے متاثر ہوتے ہیں، جہاں اعلیٰ معیار کی شاپنگ اور عمدہ کھانے کے ساتھ ساتھ سکیئنگ کے لیے وسیع ڈھلوانیں ماحول موجود ہیں۔