Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کا اگست سے ’ایئر سفاری‘ سروس کا آغاز

ایئر سفاری اگست کے وسط سے دوبارہ شروع کی جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی ایئر سفاری سروس کا آئندہ ماہ اگست سے ایک بار پھر آغاز ہو رہا ہے۔ ایئر سفاری سروس گزشتہ سال چودہ برسوں بعد بحال ہوئی تھی جس کے بعد موسم سرما میں سروس کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔  
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ کے مطابق ’ایئر سفاری سروس کے لیے رواں برس بھی سیاحوں کی جانب سے دلچسپی دکھائی جا رہی ہے جس کے بعد پی آئی اے نے سروس دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔‘  
پی آئی اے ترجمان کے مطابق ’اگست کے وسط سے سروس کا دوبارہ آغاز کر دیا جائے گا تاہم رواں برس کرایوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔‘
ترجمان نے بتایا کہ ’ایئر سفاری سروس غیر ملکیوں میں کافی مقبول رہی ہے اور اس سال بھی غیر ملکیوں کی جانب سے خاصی دلچسپی دیکھائی گئی ہے۔ ایئر سفاری سروس اگست سے اکتوبر تک جاری رہنے کا امکان ہے تاہم موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے شیڈول میں تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔‘  
ایئر سفاری سروس ہے کیا؟  
ایئر سفاری سروس کے ذریعے دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو سمیت نانگا پربت، بلتورو گلیشیئر، دیوسائی پلین، کنکورڈیا، جھیل سیف الملوک، ناران، کاغان، آنسو جھیل اور دیگر کئی خوبصورت مقامات کے اوپر سے پرواز گزرتی ہے۔ 
گزشتہ برس ایئر سفاری سروس کے تحت اسلام آباد سے سکردو کے لیے ہفتے میں ایک پرواز چلائی جاتی تھی۔  
پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل ایئر بس 320 اسلام آباد سے 58 مسافروں کو لے کر سکردو کے لیے پرواز بھرتی تھی اور اس سفر کے دوران سیاحوں کو 13 مقامات کا فضائی نظارہ کروایا جاتا تھا۔ 

ایئر سفاری سے پاکستان کے خوبصورت ترین مقامات کی سیر کرائی جاتی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

ایئر سفاری سروس کے مسافر ڈیڑھ گھنٹے تک سکردو میں وقت گزارنے کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہوجاتے ہیں۔ 
 سنہ 2007 میں مالی خسارے اور ملکی سکیورٹی صورتحال کے باعث یہ سروس بند کر دی گئی تھی تاہم 2018 میں ایئر سفاری سروس بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ سنہ 2018 میں تکنیکی مسائل کے باعث اعلان کے باوجود بحال نہیں ہوسکی تھی جبکہ گزشتہ برس جون میں چودہ برس بعد اس سروس کا آغاز کیا گیا تھا۔ 

شیئر: