پاکستان انٹرنینشل ایئر لائنز نے 14 برس قبل سیاحت کی غرض سے چلائی جانے والی ایئر سفاری سروس دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ایئر سفاری سروس کی بحالی کے لیے تمام رکاوٹوں کو دور کر لیا گیا ہے اور اس کے ازسر نوآغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔‘
مزید پڑھیں
-
سکردو: مسافر وین پر چٹان گرنے سے 16 ہلاکNode ID: 511866
-
پی آئی اے کا 17 سال بعد سوات کے لیے سیاحتی پروازوں کا آغازNode ID: 551431
پی آئی اے ماضی میں شمالی علاقہ جات کے لیے ہیلی کاپٹر اور ایئر سفاری سروس چلاتا رہا ہے۔ غیر ملکی سیاحوں میں یہ سروس انتہائی مقبول رہی ہے لیکن غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال اور غیر ملکی سیاحوں کی پاکستان آمد میں واضح کمی کی وجہ سے 2007 میں یہ سروس بند کر دی گئی تھی۔
اس ایئر سفاری سروس کے ذریعے مسافر دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو سمیت نانگا پربت، بلتورو گلیشیئر، دیوسائی پلین، کنکورڈیا، جھیل سیف الملوک، ناران، کاغان، آنسو جھیل اور دیگر کئی خوبصورت مقامات کے فضائی مناظر سے لطف اندوز ہو تے ہیں۔
سنہ 2007 کے بعد 2018 میں یہ سروس بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن آپریشنل اور تکنیکی مسائل کے باعث یہ سفاری اعلان کے باوجود بحال نہیں ہوسکی تھی۔
ایئر سفاری سروس میں کیا سہولیات ہوں گی؟
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ایئر سفاری سروس غیر ملکی سیاحوں میں زیادہ مقبول ہے اور ملک میں سیاحت کے شعبے میں بہتری آنے کے بعد اب انتظامیہ نے اس حوالے سے مکمل تیاری کر لی ہے۔‘
ایئر سفاری سروس میں اسلام آباد سے سکردو کے لیے ہفتے میں ایک پرواز چلائی جائے گی۔

پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل ایئر بس 320 اسلام آباد سے 58 مسافروں کو سکردو لے کر جائے گی اور اس سفر کے دوران سیاح 13 مقامات کا نظارہ کر سکیں گے۔
ایئر سفاری کی اس پرواز سے مسافر دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو سمیت نانگا پربت، بلتورو گلیشیئر، دوسائی، کنکورڈیا، جھیل سیف الملوک، ناران، کاغان اور آنسو جھیل کے فضائی مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’ایئر سفاری سروس کے مسافر ڈیڑھ گھنٹے تک سکردو میں وقت گزاریں گے جہاں ریفریشمنٹ کے بعد مسافروں کو واپس اسلام آباد لایا جائے گا۔‘
اس سفاری سے محظوظ ہونے والے غیر ملکی سیاحوں کے لیے 250 ڈالرز تک کرائے کی تجویز دی گئی ہے۔ جبکہ مقامی سیاحوں کے لیے 35 ہزار روپے تک کرایہ رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

تاہم ترجمان پی ائی اے کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورتحال کی وجہ سے اس سروس کے اجرا میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
’ایئر سفاری کی تیاری مکمل کی جا چکی ہے اور جیسے ہی کورونا کی صورتحال بہتر ہوگی اور غیر ملکی سیاحوں کا پاکستان آنا شروع ہوگا، انتظامیہ اس حوالے سے تقریب کا اعلان کردے گی۔‘
خیال رہے کہ پی آئی اے نے حال ہی میں سیاحوں کے لیے سیدو شریف کی پروازیں بحال کی ہیں جبکہ لاہور سے سکردو کے لیے عید الفطر کے بعد آپریشن شروع کیا جائے گا۔