Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک لاکھ 30 ہزار حجاج کو طبی خدمات فراہم کی گئیں: وزیر صحت

330 سے زائد صحت اداروں کی خدمات فراہم کیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
وزیرصحت فہد بن عبدالرحمان الجلاجل نے امور صحت کے حوالے سے کامیاب حج  آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’حج سیزن کے دوران کسی قسم کا کوئی وبائی مرض ریکارڈ پر نہیں آیا‘۔ 
سبق نیوز کے مطابق وزیر صحت نے منی جنرل ہسپتال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’امسال حج 2022 میں کسی قسم کے وبائی وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ۔ مجموعی طورپرحجاج کی صحت بہتر رہی‘۔ 
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اورولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کی جانب سے حج سیزن کے حوالے سے مثالی تعاون ورہنمائی حاصل رہی۔ 
وزیر صحت نے مزید کہا کہ ’امورصحت کے حوالے سے ضیوف الرحمان کی خدمت کے لیے 330 سے زائد صحت اداروں کی خدمات فراہم کی گئی‘۔ 
ضیوف الرحمان کو صحت خدمات فراہم کرنے کے لیے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، مشاعر مقدسہ اور مشاعر ٹرین کے علاوہ حرمین ٹرین اسٹیشنز پربھی صحت یونٹس کو تعینات کیا گیا۔ 
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ’حج سیزن میں اب تک ایک لاکھ 30 ہزار حجاج کو صحت خدمات فراہم کی گئی۔ امراض قلب میں مبتلا 10 افراد کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی جبکہ 187 مریضوں کی اینجوپلاسٹی اور 447 کو ڈائیلاسیس کی سہولت فراہم کی گئی۔ آن لائن کلینکس کے ذریعے دوہزار سے زائد افراد نے استفادہ کیا‘۔ 
ادارہ صحت سے منسلک 25 ہزار طبی اہلکاروں اور دوہزار سے زائد طبی رضاکار مکہ مکرمہ ، مشاعر مقدسہ اور مدینہ منورہ میں حجاج کی خدمت پرماموررہے۔ 
وزیر صحت نے مزید کہا کہ ’حج سیزن کے دوران ہلال الاحمر کے یونٹس کی خدمات بھی مثالی رہی۔ ہلال الاحمر کے فضائی ایمبولینس اورگراونڈ یونٹس کے ذریعے ضرورت مند حجاج وزائرین کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ہلال الاحمر کے فضائی یونٹ کے ذریعے 17 افراد کوطبی امداد فراہم کی گئی‘۔ 
کورونا وائرس کے حوالے سے وزیر حج کا کہنا تھا کہ ’مشاعر مقدسہ میں کورونا وائرس کے صرف 38 کیسز ریکارڈ کیے گئے جنہیں مکمل طورپرمقررہ ضوابط کے تحت صحت خدمات فراہم کی گئیں‘۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: