Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بعدازحج مدینہ منورہ میں حجاج کی آمد شروع

پاکستانی حجاج کم از کم 8 دن مدینہ منورہ میں قیام کرتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد مختلف ممالک کے حجاج کی مدینہ منورہ آمد شروع ہوگئی ہے۔ وزارت حج کی جانب سے جاری اعداد وشمارکے مطابق  حج کے بعد سے اب تک27 ہزار سے زائد حجاج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
اخبار 24 نے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ 26 ہزار سے زائد حجاج بسوں جبکہ 498 حرمین ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچے۔
حجاج کی مدینہ منورہ سے اپنے ملکوں کو روانگی کا پروگرام بھی شروع کردیا گیاہے۔ یومیہ بنیادوں پرحجاج کی فضائی اوربری راستوں سے اپنے ملکوں کو روانگی جاری ہے۔

گزشتہ 2 روز میں 1576 حجاج مدینہ سے اپنے ملکوں کوروانہ ہوچکے(فوٹو، ٹوئٹر)

مدینہ میں اس وقت پاکستانی حجاج کی تعداد 1875 ہے جبکہ مصر  1337 ، بنگلہ دیش  997 ، اردن   987 ، ایران کے 681 حجاج موجود ہیں۔
گزشتہ 2 روز میں مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے سے 1576 حجاج اپنے وطن روانہ ہوچکے ہیں جبکہ حجاج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے پاکستان ، انڈیا اور بنگلہ دیش سے آنے والے حجاج مدینہ منورہ میں 8 دن قیام کرتے ہیں جبکہ عرب ممالک جن میں مصر، اردن ، امارات ، بحرین ، کویت شامل ہیں کے حجاج تین سے 8 دن تک مدینہ میں رہتے ہیں اس کے بعد اپنے ملکوں کو روانہ ہوجاتے ہیں۔
پاکستان سے آنے والے ایسے حجاج کو قبل از حج براہ راست مدینہ منورہ آئے تھے انکی واپسی جدہ کے حج ٹرمنل سے ہوگی جبکہ وہ حجاج کوحج سے قبل مدینہ منورہ نہیں آئے تھے انہیں اب زیارت کےلیے مدینہ منورہ لانے کا سلسلہ جاری ہے جو 8 دن قیام کرنے کے بعد اپنے ملک روانہ ہونگے۔

شیئر: