Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ :حجاج کی واپسی، حج ٹرمنل پر امیگریشن کے اضافی کاونٹرز

ڈائریکٹرجنرل جوازات کے حج ٹرمنل کا دورہ کیا(فوٹو، ٹوئٹر)
ڈائریکٹر جنرل محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات ‘ بریگیڈیئرسلیمان الیحیی کا کہنا ہے کہ حجاج کی وطن واپسی کے مرحلے کو آسان بنانے کےلیے جدہ کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے پرامیگریشن کا اضافی عملہ متعین کردیا گیاہے۔
اخبار 24 کے مطابق ڈی جی جوازات نے جدہ حج ٹرمنل کا دورہ کیا تاکہ حجاج کی واپسی کے لیے فراہم کی گئی سہولتوں کا جائزہ لیا جاسکے۔
جنرل سلیمان الیحیی نے حجاج کی واپسی کے حوالے سے امیگریشن مراحل کو مزید بہتربنانے کےلیے فوری طورپراضافی عملے اوردرکارآلات حج ٹرمنل پرپہنچانے کی ہدایت کی ہے ۔
ڈی جی جوازات کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے محکمہ امیگریشن کی جانب سے حج ٹرمنل پرجوازات کے اضافی اہلکاروں کو متعین کرتے ہوئے وہاں امیگریشن کاونٹرز کی تعداد کو بھی بڑھا دیا گیا۔
واضح رہے دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے جسے بعداز حج آپریشن کہا جاتا ہے۔ حجاج کی واپسی کا عمل اگست کے وسط تک مکمل ہوجائے گا۔
امسال حجاج کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 99 ہزار353 تھی جن میں بیرون ملک سے 7 لاکھ 79 ہزار919 جبکہ اندرون ملک سے ایک لاکھ 19 ہزار 434 تھی۔

بری راستوں سے آنے والے حجاج کی واپسی بھی شروع ہوچکی ہے(فوٹو، ایس پی اے)

بیرون مملکت سے آنے والے حجاج کی اکثریت جدہ آئی تھی۔ وہ حجاج جو حج سے قبل مدینہ منورہ نہیں گئے تھے وہ اب مدینہ منورہ جائیں گے جہاں وہ 8 روز قیام کرنے کے بعد مدینہ منورہ سے ہی واپس اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں گے۔
خیال رہے بری راستوں سے آنے والے حجاج کی واپسی کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے ۔ بری راستوں سے آنے والے بیشترحجاج کرام عرب ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

شیئر: