Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں ٹوئٹر کی سروس متاثر، ہیلو یہاں کوئی ہے؟

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروس دنیا بھر میں متاثر ہوئی ہے۔
جمعرات کے روز کم سے کم 40 منٹوں کے لیے ٹوئٹر کی سروس امریکہ، یورپ اور ایشیا میں معطل ہوگئی۔
ٹوئٹر کی سروس متاثر ہونے کی وجہ سے صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل ہورہی تھی نہ ہی ٹائم لائن کھل رہی تھی۔
آن لائن خبر رساں ایجنسی دی سپیکٹیٹر انڈیکس کے مطابق ’امریکہ اور یورپ کے کئی حصوں میں ٹوئٹر کی سروس معطل ہوئی ہے۔‘
تاہم 40 سے 45 منٹ کے وقفے کے بعد ٹوئٹر کی سروس بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی جس کے بعد صارفین نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
ٹوئٹر کی جانب سے ٹویٹ کر کے بتایا گیا ہے کہ ٹوئٹر کی بحالی پر کام جاری ہے۔
ٹوئٹر انتظامیہ نے ٹویٹ کی کہ ’آپ میں سے بہت سے لوگوں کو ٹوئٹر تک رسائی حاصل کرنے میں مسائل ہو رہے ہیں، ہم اسے ٹھیک کر رہے ہیں اور تمام لوگوں کے لیے چلا رہے ہیں، ہمارے ساتھ رہنے کے لیے شکریہ۔‘
ٹوئٹر کی سروس ڈاؤن ہونے پر دنیا بھر میں صارفین طنز و مزاح سے بھرپور میمز اور ٹویٹس کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔
پریاگ نامی ایک صارف نے ایلون مسک کی بجلی کی تاریں کاٹتے ہوئے میم شیئر کرکے کہا ہے کہ ’ایلون مسک ٹوئٹر کے دفتر میں۔‘
مائلز نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ ’ٹوئٹر کی سروس متاثر ہونے کی سب سے بری بات یہ ہے کہ آپ ٹوئٹر کی سرچ بار میں یہ بھی لکھ کر نہیں دیکھ سکتے کہ آیا ٹوئٹر کی سروس متاثر ہے یا نہیں۔‘
ہیمنت نامی ایک صارف نے میم کے ذریعے کہا ہے کہ ’میں اپنے انٹرنیٹ کو ٹوئٹر ڈاؤن ہونے پر الزام دینے کے بعد معافی مانگتے ہوئے۔‘
اے زی نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’ہیلو، یہاں کوئی ہے؟‘
جو نامی ایک صارف لکھتے ہیں کہ ’مجھے پہلے تو یہ لگا کہ شاید میرا اکاؤنٹ معطل ہوگیا ہے، لیکن شکر ہے نہیں ہوا۔‘
خیال رہے ٹوئٹر کی سروس متاثر ہونے کے بعد اب بحال ہوچکی ہے۔

شیئر: