Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زیارت میں آپریشن کے دوران بی ایل اے کے پانچ دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

جمعرات کو بلوچستان کی حکومت نے ان کی موت کی تصدیق کر دی تھی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت کئی اہم شخصیات نے تعزیت کا اظہار بھی کیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی فوج نے صوبہ بلوچستان کے علاقے زیارت میں آپریشن کے دوران پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
فوج کے شعبہ ابلاغ عام ہ(آئی ایس پی آر) کی جمعے کی پریس ریلیز کے مطابق ’فوج نے 14 اور 15 جولائی کی درمیانی شب ریکوری آپریشن کے دوران خوست کے قریب واقع پہاڑوں میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کے بارے میں پتا چلا تھا۔‘
’جب اس علاقے کا محاصرہ کیا گیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں حوالدار خان محمد جان کی بازی ہار گئے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’اس کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے پانچ دہشت گرد مارے گئے۔‘
’یہ آپریشن دیگر مجرموں کو پکڑنے اور عمر جاوید کی بازیابی تک جاری رہے گا۔‘
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا اور ان کے ایک دوست کو منگل کی شام کو زیارت سے تقریباً 20 کلومیٹر دور ورچوم کے مقام پر نامعلوم افراد نے اس وقت اغوا کرلیا تھا جب وہ اپنی فیملی کے ہمراہ کوئٹہ سے تفریح کے لیے سیاحتی مقام زیارت جا رہے تھے۔
بعدازاں جمعرات کو بلوچستان کی حکومت نے ان کی موت کی تصدیق کر دی تھی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت کئی اہم شخصیات نے تعزیت کا اظہار بھی کیا تھا۔
جمعرات کو کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’لیفٹیننٹ کرنل لئیق کی لاش ہرنائی اور زیارت کے درمیان مانگی ڈیم کے قریب پہاڑی علاقے میں کٹوؤ نامی برساتی نالے سے ملی‘ جبکہ ان کے ساتھی کے بارے میں اس وقت تک کچھ معلوم نہیں ہو سکا تھا۔

اغوا کار کرنل اور ان کے ساتھی کو اپنے ساتھ قریبی پہاڑوں کی طرف لے گئے جبکہ ان کی فیملی کو وہیں چھوڑ دیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ ’درجن کے قریب اغوا کاروں نے ورچوم میں دکانوں کو بند کرانے کے بعد ایک ناکہ قائم کیا اور آنے جانے والی گاڑیوں کو روک کر اس میں سوار افراد کے شناختی کارڈ چیک کیے۔ اغوا کار کرنل اور ان کے ساتھی کو اپنے ساتھ قریبی پہاڑوں کی طرف لے گئے جبکہ ان کی فیملی کو وہیں چھوڑ دیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’دہشت گرد ہرنائی کے علاقے شاہرگ کی طرف جانا چاہتے تھے تاہم فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور رات کے اندھیرے میں پہاڑی علاقے میں فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔‘

شیئر: