Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حسینہ واجد 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپسی کی خواہاں، ’طیارے کا انتظام کیا جائے‘

حسینہ واجد پرتشدد احتجاج کی لہر پھوٹنے پر پانچ اگست 2024 کو نئی دہلی چلی گئی تھیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپسی کا ارادہ رکھتی ہیں جو کہ ملک کا یوم آزادی ہے۔
یہ پہلی بار ہے کہ شیخ حسینہ نے وطن واپسی کے لیے کوئی حتمی تاریخ دی ہے۔
بنگلہ دیش میں ان کی جماعت پر پابندی عائد ہے اور ملک میں سیاسی کشیدگی اور تشدد میں اضافے کے خدشات بھی موجود ہیں۔
شیخ حسینہ واجد نے رواں ماہ کے آغاز میں نئے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کے حصول کے لیے درخواست دی تھی۔
انہوں نے دستاویزات کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیشی حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وطن واپسی کے لیے قومی فضائی کمپنی بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کا انتظام کیا جائے۔
وہ اگست 2024 میں ملک میں ایک پرتشدد عوامی احتجاج کی لہر پھوٹنے پر ڈھاکہ سے فرار ہوتے ہوئے نئی دہلی چلی گئی تھیں جس کے چند ماہ بعد ان کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ان کے ترجمان سید مزمل علی کا کہنا ہے کہ ’انہیں ایک بنگلہ دیشی طیارے کے ذریعے پانچ اگست 2024 کو انڈیا پہنچایا گیا تھا اس لیے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں واپس ڈھاکہ لے جانے کے لیے بھی فضائی سفر کا بندوبست کرے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’شیخ حسینہ کو آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا، اس لیے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں 16 دسمبر کو یومِ فتح کے موقع پر وطن واپس لانے کا انتظام بھی کیا جائے۔‘
بنگلہ دیشی حکومت کے ترجمان کی جانب سے اس معاملے پر موقف جاننے کے لیے بھجوائی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا گیا۔
بنگلہ دیش کے ایک وزیر نے اتوار کو روئٹرز کو بتایا تھا کہ شیخ حسینہ کو وطن واپسی پر گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جائے گا کیونکہ انہیں سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شیخ حسینہ کو واپس لانے کے لیے طیارہ بھیجنے کے معاملے پر انڈیا کے ساتھ حکومت کی کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔
اقوام متحدہ کے مطابق شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کا سبب بننے والے پرتشدد مظاہروں کے دوران ایک ہزار چار سو کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بنگلہ دیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے پچھلے سال نومبر میں شیخ حسینہ کو ’طلبہ کی تحریک کو طاقت کے ذریعے کچلنے کا حکم دینے‘ کے الزام میں موت کی سزا سنائی تھی۔
تاہم دوسری جانب شیخ حسینہ واجد نے ان پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کیا۔

شیئر: