انڈین کرکٹر ویراٹ کوہلی کافی عرصے سے آؤٹ آف فارم ہیں جس سے وہ خود بھی پریشان ہیں ان پر تنقید بھی ہو رہی ہے جبکہ ایسے مداحوں کی بھی کمی نہیں جو ان کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایسے حالات میں ’حوصلہ افزائی‘ کے ایک پیغام کو سوشل میڈیا پر خصوصی اہمیت حاصل ہو رہی ہے کیونکہ وہ کسی عام صارف نے نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھیجا ہے۔
جمعرات کو بابر اعظم نے ٹوئٹر پر ویراٹ کوہلی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’ہمت کریں، یہ وقت بھی گزر جائے گا۔‘
مزید پڑھیں
-
پی سی بی کنٹریکٹ: کس کھلاڑی کی ترقی ہوئی، کون ہوا محروم؟Node ID: 681941
-
کوہلی کی بری فارم، ’اب ٹیم میں شمولیت پر سوال اٹھ رہے ہیں‘Node ID: 682341
پاکستانی کپتان کے اس پیغام کو صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے جبکہ کچھ صارفین نے دونوں کرکٹرز کے کیریئرز کا موازنہ بھی شروع کر دیا۔
عام طور پر بابراعظم کا موازنہ ویراٹ کوہلی سے کیا جاتا ہے اور ہر میچ کے بعد دونوں کی سینچریوں اور مجموعی سکور کا تقابل کیا جاتا ہے۔
بابر اعظم اس وقت ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ویراٹ کوہلی ون ڈے کرکٹ میں تیسرے نمبر پر اور ٹی 20 میں ٹاپ ٹین میں موجود نہیں ہیں۔
اسی طرح بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ ویراٹ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ میں بھی ٹاپ ٹین سے باہر ہیں۔
ویراٹ کوہلی نے آخری مرتبہ سینچری 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بنائی تھی۔
دوسری جانب بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بیٹر قرار دیا جا رہا ہے۔
بابر اعظم نے 40 ٹیسٹ میچز میں 6 سینچریاں سکور کیں جبکہ ان کے کل رنز کی تعداد 2851 ہے اور اوسط 45.98 ہے۔
اسی طرح ون ڈے میں بابر اعظم نے 89 میچز کھیل کر 17 سینچریاں سکور کر رکھی ہیں جبکہ ون ڈے میں ان کے کل رنز 4442 ہیں اور اوسط 59 ہے۔
ٹی 20 میں 74 میچز کھیل کر بابر اعظم45 کی اوسط کے ساتھ 2686 رنز بنا چکے ہیں جبکہ ان کی ٹی 20 میں صرف ایک ہی سینچری ہے۔