Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طلبہ نے 19 انٹرنیشنل اولمپیارڈ میں 55 میڈل جیت لیے

کامیاب سعودی ٹیم امارات ایئر سے سفر کررہی ہے۔ (فوٹو العربیہ)
تخلیقی استعداد رکھنے والے طلبہ و طالبات کی سرپرستی کے لیے قائم کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن (موھبہ) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نزھہ العثمانی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے 19 بین الاقوامی اولمپیارڈ میں شرکت کرکے تقریبا 55 میڈل اپنے نام کرلیے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے العثمانی نے کہا کہ ہمارے طلبہ نے 106 ملکوں کے طلبہ کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیا۔ انہوں نے ناروے میں ریاضی  کے انٹرنیشنل اولمپیارڈ میں  شرکت کی۔ مختلف موضوعات میں مقابلہ کیا۔
سعودی طلبہ نے 22 پوزیشنیں اپنے نام کیں۔ اسی دوران انٹرنیشنل فزکس اولمپیارڈ کے نتائج بھی آ گئے جن میں ہمارے طلبہ نے دو میڈل حاصل کیے۔

پیر کو فزکس اولمپیارڈ کے نتائج جاری ہوں گے۔ (فوٹو موھبہ ٹوئٹر)

العثمانی نے کہا کہ پروگرام کے مطابق پیر کو فزکس اولمپیارڈ کے نتائج جاری ہوں گے جس میں سعودی طلبہ شریک ہیں۔ یہ مقابلہ آرمینیا میں ہورہا ہے۔ پروگرام کے مطابق منگل کو چین میں کیمسٹری کے مقابلے کے نتائج جاری ہوں گے ان میں بھی ہمارے طلبہ شریک ہیں۔
العثمانی نےتوجہ دلائی کہ اولمپیارڈ بین الاقوامی مقابلے ہوتے ہیں۔ ہر ملک سے چار سے چھ ممتاز طلبہ کو شمولیت کا موقع ملتا ہے۔ ایک جگہ چار دن تک مقابلے چلتے ہیں۔ یہ سب اس دوران پورے معاشرے سے کٹے ہوئے ہوتے ہیں اس دوران ان کی دلچسپی صرف مقابلے کی سرگرمی کے  سوا کچھ نہیں ہوتی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق امارات ایئر نے ناروے میں بین الاقوامی ریاضی اولمپیارڈ میں چھ میڈل جیتنے والی سعودی ٹیم کا اعزاز کیا۔ اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کامیاب سعودی ٹیم امارات ایئر سے سفر کررہی ہے اور فضائی عملہ لاؤڈ سپیکر کے ذریعے انعام یافتہ سعودی طلبہ کے  ناموں کا اعلان کررہا ہے جبکہ طیارے میں موجود مسافر ہر نام پر تالیاں بجا کر ان کو داد دے رہے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: