Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ہائی سکول کے طلبہ کا موھبہ ایمبسڈر پروگرام میں داخلہ

ایک ہزار 131 طلبہ موھبہ ایمبسڈر پروگرام میں حصہ لے چکے ہیں( فوٹو عرب نیوز)
سعودی ہائی سکول کے طلبہ موھبہ ایمبسڈر پروگرام میں داخلہ لے رہے ہیں جو کنگ عبدالعزیزفاؤنڈیشن برائے تخلیقی صلاحیت اور قابلیت (موھبہ) نے امریکہ اور برطانیہ کی معروف یونیورسٹیوں کے تعاون سے ترتیب دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس سال 105 طلبہ کو اس پروگرام میں حصہ لینے کے لیے منتخب کیا گیا تھا جو ییل، کولمبیا ،جانز ہاپکنز اور ٹفٹس سمیت معروف اداروں کے ساتھ منعقد ہوتا ہے۔
فاؤنڈیشن رجسٹریشن سے لے کر پروگرام کی تکمیل تک طلبہ کی مدد کرتی ہے۔ طلبہ کو عام طور پر رہائش فراہم کی جاتی ہے لیکن کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے شرکت دور دراز ہے۔
موھبہ نے کہا ہے کہ ’یہ سکول کے طلبہ کے لیے ایک بھرپور تجربہ ہے کیونکہ وہ دنیا بھر سے ایک ہی عمر کے باصلاحیت طلبہ کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں، ان کے سائنسی اور لسانی علم کو مالا مال کرتے ہیں اور دنیا کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے پروگراموں میں حصہ لیتے ہیں۔‘
موھبہ کا مزید کہنا ہے کہ ’اس سے طلبہ کو مستقبل میں ان کے سائنسی میدان کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاتا ہے، انہیں مملکت کے علمی معاشرے میں تبدیلی کے لیے تیار کیا جاتا ہے، بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے طالبہ کے ساتھ رابطے کو بڑھایا جاتا ہے، ان کے لیے مطالعہ اور سیکھنے کو جاری رکھنے کے امید افزا امکانات کھولے جاتے ہیں اور ان کی ذاتی صلاحیتوں کو بڑھایا جاتا ہے۔‘
2011 سے 2020  تک ایک ہزار 131  طلبہ نے موھبہ ایمبسڈر پروگرام میں حصہ لیا۔
موھبہ نے 258 سے زیادہ بین الاقوامی پروگرام کیے جس سے 562 طلبہ مستفید ہوئے۔
موھبہ سفیر پروگرام سائنس اور انجینئرنگ کے شعبوں میں طلبہ کو پیش کیے جانے والے 20  پروگراموں میں سے ایک ہے۔ یہ ان کے گریڈ اور صلاحیتوں کی بنیاد پر حصہ لینے کا موقع ہے۔
پروگراموں میں سائنس اور انجینئرنگ کے شعبوں میں علمی، سائنسی اور تحقیقی پہلو ہوتے ہیں لیکن اس میں طلبہ کی مہارت کو بڑھانے کے لیے سرگرمیاں بھی شامل ہوتی ہیں۔
یہ پروگرام موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران ہوتے ہیں اور اس کی مدت دو سے چھ ہفتوں تک ہوتی ہے۔

شیئر: