ترکیہ کی سرحد کی جانب کوئی میزائل نہیں داغا، ایرانی مسلح افواج کی تردید
ترکیہ کی وزارت دفاع کے مطابق بیلسٹک میزائل کو نیٹو کے دفاعی نظام نے تباہ کر دیا (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ وہ ترکیہ کی خودمختاری کا احترام کرتی ہے اور اس کی سرحد کی جانب کوئی میزائل نہیں داغا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے بدھ کے روز کہا کہ ایران سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل شام اور عراق سے گزرتے ہوئے ترک فضائی حدود میں داخل ہو رہا تھا۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ بیلسٹک میزائل مشرقی بحیرۂ روم میں نیٹو کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی نہیں ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ترکیہ اپنے خلاف کسی بھی معاندانہ اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، اور متعلقہ فریقین کو خبردار کیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو تنازع کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔
