Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان اور ولی عہد کی وزیر داخلہ کومبارک باد

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حج موسم  1443ھ کی کامیابی پر وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کو مبارکباد دے دی۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر داخلہ نے شاہ سلمان کے نام حج موسم کی کامیابی پر مبارکباد اور شکریہ کا پیغام بھیجا تھا۔ 
شاہ سلمان نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ ’اللہ کے فضل و کرم اور پھر حج مشن میں شریک اداروں کی کاوشوں کی بدولت حج سیکیورٹی و سہولیات اور صحت پروٹوکول پر اعلی طریقے سے عمل درآمد کامیابی سے کیا گیا۔ اس حوالے سے وزیر داخلہ، گورنروں اور حج موسم  1443ھ کے مشن میں شریک عہدیداروں کی جانب سے مبارکباد اور حج موسم کی کامیابی کے ذکر پر مشتمل پیغام ملا تھا‘۔ 
شاہ سلمان نے کہا کہ ’وہ وزیر داخلہ، گورنروں اور حج مشن میں شریک تمام اداروں کے سربراہوں کو عید الاضحی اور حج موسم کی کامیابی کی مبارکباد دیتے ہیں۔ یہ بات لائق تحسین ہے کہ آپ سب لوگوں نے حجاج کی خدمت کرکے حج کے کاموں کو آسان اور اطمینان بخش بنایا۔ دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی تمام حاجیوں کا حج قبول فرمائے اور ہمیں اپنی کارکردگی پر سرخرو کرے۔ ہمیں کردار و گفتار میں اخلاص سے نوازے‘۔ 
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی وزیر داخلہ کے نام جو اعلی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں عید الاضحی اور حج موسم  1443ھ کی کامیابی کی مبارکباد پر جوابی تہنیتی پیغام ارسال کیا۔ انہوں نے وزیر داخلہ نیز حج مشن میں شریک تمام اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔  
انہوں نے کہا کہ ’اللہ کے کرم اور آپ سب لوگوں کی کاوشوں کی بدولت حج کی کامیابی پر آپ سب لوگ قابل تحسین ہیں۔‘ 

شیئر: