Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹک ٹاک نے پاکستانیوں کی ایک کروڑ سے زائد ویڈیوز ہٹا دیں

ویڈیوز ڈیلیٹ ہونے کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر رہا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
وڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان سے ایک کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کی ہیں۔
ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کے مطابق 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پالیسی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی وجہ سے حذف کردہ ویڈیوز کی تعداد کے اعتباد سے پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال ٹک ٹاک کی جانب سے پاکستان سے ایک کروڑ 24 لاکھ سے زائد وڈیوز کو ہٹایا گیا ہے۔ ڈیلیٹ ہونے والی وڈیوز میں سے 96.5 فیصد وڈیوز کو کوئی بھی ویو ملنے سے پہلے ڈیلیٹ کیا گیا جبکہ 97.3 فیصد وڈیوز کو اپلوڈ ہونے کے 24 گھنٹے بعد ڈیلیٹ کیا گیا ہے۔
ویڈیو شیئرنگ ایپ کے مطابق پاکستان سے ایک کروڑ 24 لاکھ سے زائد وڈیوز کو ہٹائے جانے کا تناسب 98.5 فیصد رہا ہے۔
کییونٹی ہدایات کی خلاف ورزی کے باعث امریکہ دنیا میں وڈیوز ہٹائے جانے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔ جہاں سے ایک کروڑ 40 لاکھ وڈیوز کو حذف کیا گیا ہے۔
رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹک ٹاک نے اپنی ایپ سے دس کروڑ وڈیوز کو ہٹایا ہے جو کے کُل اپلوڈ ہونے والی وڈیوز کا ایک فیصد ہے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے ان وڈیوز کو کمیونٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے، حفاظتی اقدامات کے خلاف ہونے، غیر شمولیت اور غیر مصدقہ ہونے کے باعث ہٹا گیا ہے۔

ویڈیو کے مواد اور انداز کی وجہ سے ٹک ٹاک کو خاصی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے بارے میں بھی سنجیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اُن وڈیوز کو اپنے پلیٹ فارم سے ہٹایا ہے جو کہ ٹک ٹاک کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی تھیں۔
اس سلسلے میں ٹک ٹاک کی حفاظتی ٹیم نے روس یوکرین جنگ کے بارے میں غلط معلومات پر مبنی 41 ہزار سے زائد وڈیوز کو ہٹایا ہے۔
ٹک ٹاک نے روس کی ریاستی سرپرستی میں چلنے والے 49 اکاؤنٹ بھی لیبل کیے ہیں جبکہ ٹک ٹاک نے عوامی رائے پر اثر انداز ہونے اور گمراہ کرنے کے جرم میں دنیا بھر سے چھ نیٹ ورکس اور 204 اکاؤنٹس کو اپنی ایپ سے ہٹایا ہے۔

شیئر: