Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگل میں آگ لگا کر فوٹوشوٹ، ٹک ٹاکر ڈولی کی عبوری ضمانت منظور

مارگلہ ہلز میں آگ لگا کر ویڈیو بنانے کے الزام میں ماڈل ڈولی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا (فوٹو: ٹوئٹر) 
اسلام آباد ہائی کورٹ نے مارگلہ ہلز میں آگ لگا کر ویڈیو بنانے کے الزام میں گرفتار ملزمہ ٹک ٹاکر نوشین سعید عرف ڈولی کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ 
پیر کو نوشین سعید عرف ڈولی کے وکیل نے ان کی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے آج ہی سماعت کرنے کی استدعا کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
تاخیر سے عدالت پہنچنے پر جسٹس طارق جہانگیری نے نوشین سعید کے وکیل پر برہمی کا اظہار کیا۔  
جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ ’آپ نے آج ہی سماعت کی درخواست دی اور خود پیش ہی نہیں ہوئے۔‘
بعد ازاں ٹک ٹاکر ڈولی کے وکیل نے عدالت سے مزید تیاری کے لیے وقت مانگ لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملزمہ کی 8 جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے  ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ کیس کی سماعت 8 جون تک ملتوی کر دی گئی۔ 
یاد رہے کہ 17 مئی کو مارگلہ ہلز میں جنگلات میں مبینہ طور پر آگ لگا کر فوٹو شوٹ کروانے والی ماڈل اور ٹک ٹاکر ڈولی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ 
یہ مقدمہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ڈائریکٹر شعبہ ماحولیات اعجازالحسن کی مدعیت میں تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا تھا۔ 
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ڈولی نام کی ٹک ٹاکر جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو شوٹ کروا رہی ہیں۔‘ 
’مبینہ طور پر یہ مارگلہ ہلز کا علاقہ ہے جہاں پچھلے کچھ دنوں سے آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔‘ 
ڈولی کے نام سے شہرت رکھنے والی ماڈل اور ٹک ٹاکر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہیں ایک جنگل میں ماڈلنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

شیئر: