Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ابشر‘ سے پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ کا درست طریقہ کیا؟

بیرون مملکت سے ابشرکے ذریعے نئے پاسپورٹ کو اپ ڈیٹ کرانا ممکن ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے گزشتہ برس سے آن لائن سروسز میں کافی تبدیلیاں کی ہیں جس سے اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں اضافہ کرنے اور دیگر معاملات کی انجام دہی میں کافی سہولت ہوئی ہے۔ 
جوازات کے قانون کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کی معلومات اپ ڈیٹ رکھنے کےلیے بھی آن لائن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کی وجہ سے دور رہتے ہوئے بھی فائدہ اٹھایاجاسکتا ہے۔ 
امیگریشن قوانین کے تحت اقامہ ہولڈرغیر ملکی افراد کے پاسپورٹ کی تجدید کے بعد نئے پاسپورٹ کی انٹری کرانا ضروری ہوتا ہے۔ نئے پاسپورٹ کی جوازات کے سسٹم میں انٹری کرانے کے عمل کوعربی میں ’نقل معلومات ‘ کہا جاتا ہے۔ 
آن لائن سسٹم سے نقل معلومات کرانے میں بھی کافی سہولت ہوئی ہے اب پاسپورٹ تجدید کرانے کے بعد دوررہتے ہوئے بھی آن لائن طریقے سے’نقل معلومات ‘ کی جاسکتی ہیں۔ 
۔۔۔۔  جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’کارکن چھٹی پراپنے وطن گیا ہوا ہے جہاں اس کا پاسپورٹ ایکسپائرہونے کے بعد تجدید کرایا گیا ہے کیا وہ نئے پاسپورٹ پرمملکت میں آسکتا ہے جبکہ خروج وعودہ کی مدت باقی ہے جو پرانے پاسپورٹ نمبرپرجاری ہواتھا؟‘ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کارکن کے پاسپورٹ کی تجدید کے بعد کارکن کے کفیل اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے کارکن کے پاسپورٹ کی نقل معلومات کراسکتے ہیں۔ 
کارکن کے کفیل کو چاہئے کہ وہ اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے ’تواصل ‘ سروس کو استعمال کرتے ہوئے کارکن کے نئے پاسپورٹ کی معلومات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرادیں تاکہ کارکن کے واپس آنے کی صورت میں ہوائی اڈے پرکارکن کوکسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
واضح رہے پاسپورٹ کی نقل معلومات کرانا انتہائی ضروری امر ہے۔ پاسپورٹ بین الاقوامی سفری دستاویز ہوتی ہے جس کا کارآمد ہونا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ 
امیگریشن قانون کے تحت کارکن کے تجدید شدہ پاسپورٹ کی تفصیلات جس میں نئے پاسپورٹ کے اجرا اور ایکسپائری تاریخ کے علاوہ تجدید کرنےکا مقام شامل ہے جوازات کے سسٹم میں فیڈ کیاجاتاہے۔ 

خروج نہائی کےلیے پاسپورٹ کی کم از کم مدت 60 دن ہونا ضروری(فوٹو، ٹوئٹر)

ابشرپلیٹ فارم پر’تواصل‘ سروس کے ذریعے پاسپورٹ کی تفصیلات باسانی اپ ڈیٹ کرائی جاسکتی ہیں جس کےلیے کارکن کے پرانے اورنئے پاسپورٹ کے علاوہ اقامہ کارڈ کو اسکین کرکے ایک ہی فائل میں اپ لوڈ کی جائیں۔ 
خیال رہے کہ اسکین فائل ایک ہی ہو جس میں مذکورہ بالا تینوں چیزیں شامل ہوں ۔ جدا جدا فائل اپ لوڈ نہیں کی جاسکتی۔ اپ لوڈ کی جانے والی فائل ’پی ڈی ایف‘ یا ’جے پی جی‘فارمیٹ میں ہونی چاہیں۔
 بعض لوگ یہ غلطی کرتے ہیں کہ ہرفائل علیحدہ اپ لوڈ کرتے ہیں جس کی وجہ سے جب وہ نئی فائل اپ لوڈ کرتے ہیں تو پہلے اپ لوڈ کی جانے والی فائل ختم ہوجاتی ہے جس سے معاملہ مکمل نہیں ہوتا اور سسٹم اسے رد کردیتا ہے۔ 

مملکت میں ڈیجیٹل سروسز کے آغاز سے کافی سہولت ہوئی (فوٹو، ایس پی اے)

۔۔۔۔۔۔۔  کارکن کا خروج نہائی لگانے کے لیے ابشر سے کارروائی کی مگرمسترد ہوگئی پاسپورٹ کی مدت میں 23 دن باقی ہیں کیا کریں؟ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ خروج نہائی کےلیے لازمی ہے کہ پاسپورٹ کی کم از کم مدت 60 روز ہواس سے کم مدت ہونے کی صورت میں خروج نہائی نہیں لگایا جاسکتا ۔ 60 روز سے کم مدت ہونے کی صورت میں ابشرسسٹم از خود درخواست کو مسترد کردیتا ہے۔ 
واضح رہے خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ لگانے کے بعد کارکن کو 60 روز کی مہلت دی جاتی ہےتاکہ اس عرصے میں اگروہ چاہیں تواپنے معاملات مکمل کرسکیں۔

شیئر: