Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ میں فوٹو کی تبدیلی ’ابشر‘ سے ممکن ہے؟

جوازات میں متوفی کارکن کی اطلاع دینا سپانسر کی ذمہ داری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مملکت میں محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ جسے عربی میں جوازات کہتے ہیں، میں غیرملکی کارکنوں کے رہائشی پرمٹ اور ایگزٹ ری انٹری و فائنل ایگزٹ ویزے کی کارروائی کی جاتی ہے۔ 
جوازات میں غیرملکی کارکنوں کا ڈیٹا محفوظ رکھا جاتا ہے۔ کارکن کے فائنل ایگزٹ جانے پر ہی جوازات میں فائل کلوز کی جاتی ہے۔ 
ماضی میں جوازات کی جانب سے اقامہ کارڈ کی صورت میں نہیں بنایا جاتا۔ جب سے جوازات اور دیگر سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل خدمات کا آغاز ہوا ہے تمام معاملات آسان ہو گئے ہیں، جس سے نہ صرف سعودی شہریوں بلکہ غیرملکیوں کو بھی کافی سہولت حاصل ہوئی ہے۔ 
ایک شخص نے ٹوئٹرپردریافت کیا ’جوازات کے سسٹم میں متوفی غیرملکی کارکن کی فائل بند کرنے اورمیت اس کے ملک روانہ کرنے  کے لیے فائنل ایگزٹ کس طرح حاصل کیا جا سکتا ہے؟ 
اس کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ سعودی محکمہ سول افیئرز (احوال المدنیہ) میں متوفی کارکن کے بارے میں اطلاع دی جائے جہاں سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔ 
ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرانے کے لیے پولیس رپورٹ کا ہونا ضروری ہے جس کے بعد متوفی کارکن کے لواحقین کی جانب سے جاری کیا جانے والا مصدقہ این او سی جسے کارکن کے سفارتخانے اور گورنریٹ آفس کی جانب سے منظورکیا گیا ہو، کے ساتھ جوازات کے دفتر میں کفیل کے ذریعے جمع کرایا جائے۔  
مذکورہ بالا کارروائی کے لیے میت کو ملک میں منتقل کرنے کے اخراجات کے حوالے سے بیمہ دستاویزات بھی فراہم کرنا ضروری ہے، جن میں میت لے جانے کے اخراجات کی وضاحت کی گئی ہوتی ہے جس کے بعد ہی جوازات میں متوفی کارکن کی فائل ہمیشہ کے لیے بند کردی جائے گی۔ 

ڈیجیٹل سروسز سے خدمات کا معیاربلند اورلوگوں کوسہولت ہوئی (فوٹو، ٹوئٹر)

خیال رہے غیرملکی کارکن کی موت کی صورت میں کفیل کے ذمہ ہوتا ہے کہ وہ جوازات کو اس بارے میں مطلع کرے تاکہ فائل کلوز کی جا سکے۔
جب تک جوازات میں کارکن کی فائل بند نہیں ہوتی اقامہ کی فیس کا سسٹم جاری رہتا ہے، اس لیے متوفی کارکن کے بارے میں بروقت اطلاع دینے سے فائل کلوز کرنے کے بعد اقامہ اور لیبر کارڈ کی فیس روک دی جاتی ہے۔ 
جوازات سے ایک اور شخص نے دریافت کیا ’اقامہ میں کارکن کی فوٹو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے کارروائی ابشر کے ذریعے ممکن ہوسکتی ہے؟‘ 
جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ اقامہ میں غیرملکی کارکن کی فوٹو تبدیل کرنے کے لیے لازمی ہے کہ اس کے پاسپورٹ میں نئی فوٹو لگی ہو۔ 
پاسپورٹ میں فوٹوتبدیل ہونے اورکارکن کے چہرے میں عملی طور پر نمایاں تبدیلی ہونے پر نئی فوٹو اقامہ میں بھی تبدیل کرائی جا سکتی ہے۔ 

اقامہ میں فوٹو کی تبدیلی پاسہپورٹ سے مشروط ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

اقامہ میں تصویر تبدیل کرانے کے لیے ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے جوازات سے اپائنٹمنٹ حاصل کی جائے، وقت مقررہ پر جوازات کے دفترمیں کارکن کا وہ پاسپورٹ فراہم کیا جائے جس پر تصویر تبدیل کی گئی ہے ساتھ ہی پرانا کینسل شدہ پاسپورٹ بھی پیش کیا جائے گا۔ 
واضح رہے جوازات کے کسی دفترمیں کارکن اپنے اقامہ یا دیگرذاتی معاملات کی انجام دہی کے لیے براہ راست رجوع کرنے کا اہل نہیں، اس کے لیے سپانسریا اس کی جانب سے مقررکردہ نمائندہ ہی جوازات کے دفترسے رجوع کر سکتا ہے۔ البتہ کارکن اپنے اہل خانہ جو اس کی زیرکفالت ہوتے ہیں، کے معاملات انجام دینے کے لیے جوازات سے رجوع کرسکتا ہے۔

شیئر: