Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان اسلحہ لائسنس بنوانے پولیس ہیڈکوارٹرز پہنچ گئے

سلمان خان کو حال ہی میں گینگسٹرز کی جانب سے قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ سپر سٹار سلمان خان اپنی حفاظت کی خاطر اسلحہ رکھنے کے لیے لائسنس بنوانے پہنچ گئے ہیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بالی وُڈ کے دبنگ خان سلمان خان جمعے کے روز ممبئی پولیس کے ہیڈکوارٹرز اسلحہ کے لائسنس بنوانے کے لیے گئے۔
اطلاعات کے مطابق سلمان خان گینگسٹرز کی طرف سے ملنے والی دھمکیوں کے باعث اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے اسلحہ رکھنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہیں لائسنس درکار ہے۔
سلمان خان کا ممبئی پولیس کے ہیڈکوارٹرز میں آنے کا مقصد لائسنس حاصل کرنے کے لیے تصدیق کروانا تھا۔
پنجابی سنگر سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان کے والد سلیم خان کو پارک میں واک کے دوران کسی انجان شخص کی جانب سے دھمکی آمیز خط ملا تھا جس پر لکھا تھا کہ ’سلیم خان، سلمان خان، بہت جلد آپ کا حال بھی موسے والا کی طرح ہوگا۔‘
پولیس نے اس دھمکی کے بعد دونوں کی سکیورٹی بڑھا دی تھی تاہم اس بات کا سراغ نہیں لگ سکا تھا کہ یہ دھمکی سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گولڈی برار اور لارنس بشنوئی نامی گینگسٹرز نے دی تھی یا نہیں۔
انڈین پنجابی گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے کے قتل کے الزام میں گرفتار گینگسٹر لارنس بشنوئی نے انکشاف کیا کہ گینگ نے 2018 میں اداکار سلمان خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق لارنس بشنوئی نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ 1998 میں کالے ہرن کے غیرقانونی شکار کے معاملے پر سلمان خان کو سبق سکھانا چاہتے تھے۔
خیال رہے کہ مشہور پنجابی سنگر سدھو موسے والا کو رواں برس 29 مئی کو انڈین پنجاب کے ضلع مانسہ میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ 

شیئر: