Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں ڈیلاس ایئرپورٹ پر فائرنگ کرنے والی خاتون گرفتار

پولیس چیف ایڈی گارسیا کا کہنا تھا ’اس واقعہ میں مشتبہ خاتون کے علاوہ کوئی اور شخص زخمی نہیں ہوا۔‘ (فوٹو: اے پی)
امریکی حکام نے کہا ہے کہ پیر کو ایک 37 سالہ خاتون نے ڈیلاس لو فیلڈ ایئرپورٹ کے اندر بظاہر چھت پر کئی گولیاں چلائیں جس کے بعد ایک افسر نے اسے گولی مار کر زخمی کر دیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ڈیلاس کے پولیس چیف ایڈی گارسیا نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ خاتون کو 11 بجے کے قریب ہوائی اڈے کے پاس اتارا گیا اور وہ ٹکٹنگ کاؤنٹر کے قریب چل کر باتھ روم میں داخل ہوئیں۔
’وہ ہڈڈ شرٹ یا کوئی اور لباس پہن کر باہر نکلیں، جو انہوں نے پہلے نہیں پہنا ہوا تھا، بندوق نکالی اور بظاہر چھت پر کئی گولیاں چلائیں۔‘
پولیس چیف کے مطابق ’اس وقت ہم نہیں جانتے کہ ان کا نشانہ کیا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ قریب ہی موجود ایک افسر نے خاتون کے ’نچلے دھڑ‘ پر گولی مار کر انہیں زخمی کر دیا اور حراست میں لے لیا۔ انہیں علاج کے لیے مقامی اسپتال لے جایا گیا۔
ایڈی گارسیا کا کہنا تھا ’اس واقعہ میں مشتبہ خاتون کے علاوہ کوئی اور شخص زخمی نہیں ہوا۔‘
پولیس نے بعد میں خاتون کی شناخت 37 سالہ پورٹیا اوڈوفووا کے نام سے کی ہے، تاہم یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے فائرنگ کیوں کی تھی۔

یہ ہوائی اڈے پر فائرنگ کا پہلا پرتشدد واقعہ نہیں تھا۔ (فوٹو: اے پی)

ایڈی گارسیا نے مزید کہا کہ ’ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے تھے کہ ہماری کمیونٹی کو معلوم ہو کہ یہ کوئی تشویش ناک صورتحال نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ یہ ہوائی اڈے پر فائرنگ کا پہلا پرتشدد واقعہ نہیں تھا۔
سنہ 2016 میں ایک پولیس افسر نے لو فیلڈ کے باہر ایک شخص کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ پولیس نے کہا تھا کہ وہ اپنی سابق گرل فرینڈ کی گاڑی پر پتھر مارنے کے بعد افسر کی طرف بڑھا تھا۔

شیئر: