Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں یوم آزادی کی پریڈ کے دوران فائرنگ، مشتبہ شخص گرفتار

پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ پریڈ کے دوران صبح 10 بج کر 14 منٹ پر شروع ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں پولیس نے ہائی لینڈ پارک میں یوم آزادی کی پریڈ کے دوران فائرنگ کرکے چھ افراد کو ہلاک کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کو امریکی شہر شکاگو کے مضافات میں واقع ہالینڈ پارک میں امریکی یوم آزادی کی پریڈ میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے چھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
ہائی لینڈ پارک میں ملزم کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی کے دوران 22 سالہ رابرٹ کریمو کو حراست میں لیا گیا۔
ایمرجنسی حکام نے بتایا ہے کہ بچوں سمیت دو درجن کے قریب افراد فائرنگ سے زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
ہائی لینڈ پارک پولیس کے سربراہ لو جوگمین نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ایک گاڑی کا پیچھا کرنے کے کچھ ہی دیر بعد رابرٹ کریمو کو گرفتار کیا گیا۔‘
اس سے قبل پولیس نے خبردار کیا تھا کہ وہ (رابرٹ کریمو) مسلح اور انتہائی خطرناک ہیں۔
پریڈ میں حصہ لینے والے ایملی پرزاک نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم سڑک پر مارچ کرنے کے لیے تیار ہو رہے تھے کہ اچانک لوگوں نے بھاگنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد کچھ آوازیں آئیں اور مجھے لگا کہ آتش بازی ہو رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’یہ وہ دن ہے جب ہم اپنے ملک کا جشن مناتے ہیں۔ یہ وہ دن بھی ہے جب ہماری آزادی ہم سے چھین لی گئی کیونکہ ہم میں سے بہت سے لوگ جو یہاں کے رہائشی ہیں، اس عمارت میں محصور ہو گئے۔‘
پریڈ میں شریک ڈان جانسن نے بتایا کہ ’میں نے ایک بلاک سے چیخ کی آواز سنی اور لوگ بھاگتے ہوئے اپنے بچوں کو لے کر جا رہے تھے، اور ہم گیس سٹیشن کی طرف بھاگے اور تین گھنٹے تک وہاں رہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے اس طرح کے مناظر ٹی وی پر دیکھ رکھے ہیں لیکن یہ نہیں سوچا تھا کہ یہاں کبھی ایسا ہونے والا ہے۔‘
پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ صبح 10 بج کر 14 منٹ پر شروع ہوئی۔

پولیس کے مطابق ’ایک گاڑی کا پیچھا کرنے کے کچھ ہی دیر بعد رابرٹ کریمو کو گرفتار کیا گیا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

لیک کاؤنٹی میجر کرائم ٹاسک فورس کے ترجمان کرسٹوفر کوولی کا کہنا ہے کہ ’ایسا لگتا ہے کہ تماشائیوں کو نشانہ بنایا گیا۔‘
ہلاک ہونے والے چھ افراد میں سے پانچ جائے وقوعہ پر ہی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ایک شخص کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ہائی لینڈ پارک ہسپتال کے ڈاکٹر بریگھم ٹیمپل نے بتایا کہ ’25 افراد فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں جن کی عمریں 8 سے 85 سال ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں چار یا پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ 16 افراد کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔
میکسیکو کے وزیر خارجہ مارسیلو ایبرارڈ نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک میکسیکن بھی شامل ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کی کہ ’ہم اس سانحے میں شکاگو کی کمیونٹی کے دکھ اور غم میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
امریکی صدر جو بائیڈن نے فائرنگ کے واقعے کے بعد اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ امریکہ میں ہتھیاروں سے تشدد کی ’وبا‘ کے خاتمے کے لیے لڑتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں ہتھیاروں کے ذریعے تشدد کے خلاف لڑنا نہیں چھوڑوں گا۔ ‘

شیئر: