Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شکاگو میں فائرنگ سے پاکستانی نژاد فوٹوگرافر ثانیہ خان ہلاک

ثانیہ خان وہ ایک پیشہ ور فوٹوگرافر تھیں جو جون 2021 میں چٹنُوگا سے شکاگو منتقل ہوئی تھیں (فائل فوٹو: فوکس 32 شکاگو)
امریکہ کے شہر شکاگو میں رہائش پذیر پاکستانی نژاد فوٹوگرافر اور کونٹینٹ ڈویلپر ثانیہ خان فائرنگ سے ہلاک ہوگئی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق 29 سالہ ثانیہ خان کو ان کی شکاگو میں رہائش گاہ میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔
شکاگو پولیس کے مطابق مبینہ طور پر ثانیہ خان کے سابق شوہر نے ان پر پیر کے روز ان کے اپارٹمنٹ میں فائرنگ کی۔ اس سے قبل ثانیہ نے سوشل میڈیا پر اپنی طلاق کی تفصیلات شیئر کی تھیں۔
ثانیہ خان کو گولی مارنے کے بعد ان کے سابق شوہر نے خود پر پستول تان لی۔
شکاگو ٹریبیون کے مطابق پولیس وہاں اطلاع ملنے پر شام 4:30 پر ثانیہ خان کے اپارٹمنٹ پہنچی تو وہاں ایک نوجوان کے کراہنے کی آواز آرہی تھی۔
ایک ذریعے نے شکاگو سن ٹائمز کو بتایا کہ جب پولیس ثانیہ خان کے اپارٹمنٹ پہنچی تو اس نے دیکھا کہ ثانیہ دروازے کے ساتھ مردہ پڑی ہوئی ہیں، ان کی کھوپڑی کے پچھلے حصے میں گولی ماری گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے سابق شوہر راحیل احمد بیڈروم میں بے ہوشی کی حالت میں پڑے ہوئے تھے اور ان کے سر میں زخم کا نشان تھا۔
راحیل احمد کو زخمی حالت میں نارتھ ویسٹرن ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق ثانیہ خان کے شوہر پر یہ شبہ ہے کہ انہوں نے ہی اپنی سابقہ اہلیہ کو قتل کیا، طلاق کے بعد وہ مایوسی کا شکار تھے اور ان کی ذہنی حالت بھی ٹھیک نہیں تھی۔

شکاگو پولیس کے مطابق مبینہ طور پر ثانیہ خان کے سابق شوہر نے ان پر فائرنگ کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

مبینہ قاتل کے بارے میں ان کی فیملی کا کہنا ہے کہ وہ پیر کی دوپہر سے لاپتا ہیں۔
ثانیہ خان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ایک پیشہ ور فوٹوگرافر تھیں جو جون 2021 میں چٹنُوگا سے شکاگو منتقل ہوئی تھیں۔
ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں ثانیہ خان نے کہا تھا کہ ’کسی ایسے شخص کا آپ سے الگ ہوجانا بہت تکلیف دہ ہوتا ہے جسے کبھی آپ چاہتے ہوں۔‘

شیئر: