Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مون سون کی بارشیں، سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری

پاکستان کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور سیلابی صورتحال کے باعث کراچی سمیت سندھ کے بعض شہروں اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کان مہترزئی کے علاقے میں سیلابی ریلے سے 100 سے زائد گھر اور وسیع رقبے پر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔
کان مہتر زئی میں پانچ افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے جن میں سے ایک خاتون اور دو بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
صوبہ سندھ میں لسبیلہ کے مختلف علاقوں جبکہ بلوچستان میں ضلع خضدار، جھل مگسی، اوتھل میں سیلاب سے متاثر افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق فوج اور ایف سی کے اہلکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو آپریشز میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔

سیلاب زدہ علاقوں میں جاری ریسکیو آپریشنز میں فوج کے اہلکار بھی شریک ہیں (فوٹو: آئی ایس پی آر)

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کے دو ہیلی کاپٹر کراچی سے اوتھل اور لسبیلہ کے علاقوں کی جانب روانہ ہوئے۔ یہ ہیلی کاپٹرز سیلاب زدہ علاقوں کے شہریوں کو محفوط مقامات پر منتقل کریں گے۔
’صوبہ پنجاب کے ضلع ڈی غازی خان میں بھی فوجی اہلکار ریلیف آپریشنز میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں اور وہاں دو آرمی میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔‘
’صوبہ سندھ میں کراچی سے پانی کی نکاسی کے علاوہ جامشورو اور گھارو میں بھی ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔‘

شیئر: