Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اگر کچھ غیرقانونی ہے تو یہ عارف نقوی اور برطانوی حکام کے مابین معاملہ‘

فواد چوہدری کے مطابق اسرائیلی لابی پاکستانی بزنس مین کے خلاف سرگرم ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز میں تحریک انصاف کو غیرملکی فنڈنگ کی رپورٹ شائع ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’عارف نقوی نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے بیان حلفی میں فنڈنگ کو قانونی قرار دیا تھا اور انہوں نے ایسا ہی بیان حلفی تحریک انصاف کو بھی جمع کرایا تھا۔‘
جمعے کو ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ اگر کوئی غیرقانونی کام ہوا ہے تو یہ عارف نقوی اور برطانوی حکام کے درمیان معاملہ ہے۔
فنانشل ٹائمز نے ایک تفصیلی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کو برطانیہ سے براستہ امارات غیرملکی فنڈنگ کی گئی۔
پاکستان میں حکمران اتحاد نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کر رکھا ہے کہ تحریک انصاف کو غیرملکی فنڈنگ کے کیس میں محفوظ کیا گیا فیصلہ جلد سنایا جائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی تحریک انصاف کو فنڈنگ کرتے ہیں۔ ’جس طرح اوورسیز پاکستانی پاکستان کو سپورٹ کرتے ہیں اسی طرح تحریک انصاف کو سپورٹ کرتے ہیں۔ اسی طرح پاکستانیوں کا حق ہے کہ ان کو معلوم ہو کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو کون فنڈ کرتا ہے ابھی تک یہ راز سامنے کیوں نہیں آ رہا؟‘
ان کا کہنا تھا کہ ’فنڈنگ کیس میں ہمارا مؤقف یہ ہے کہ تینوں جماعتوں کی فنڈنگ کا فیصلہ اکٹھا آنا چاہیے، فنڈنگ کے قانون کا مقصد یہ ہے کہ ووٹر کو پتا ہو کہ سیاسی جماعت کی فنڈنگ کون کر رہا ہے تحریک انصاف نے 40 ہزار سے زیادہ ڈونرز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو دی ہیں۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’پاکستانی میڈیا سے کہتا ہوں کم از کم اپنے لوگوں کو اس لیے ولن بنا کر پیش نہ کریں کہ امریکہ نے کیس کر دیا ہے۔ عارف نقوی کی ابراج 14 بلین ڈالر کی کمپنی بن چکی تھی جب بھی کوئی مسلمان خصوصاً پاکستانی مسلمان کا اثر و نفوذ ایک حد سے اوپر جاتا ہے اسرائیلی لابی کو پسند نہیں آتا۔‘

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو غیرملکی فنڈنگ کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔ فائل فوٹو: ای سی پی

ان کے مطابق ’عارف نقوی پر امریکہ نے کیس کیا ہے۔ کیس کیا ہے کہ آپ نے امریکی مالیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی، اس طرح کے الزامات لگا کر بی سی سی آئی کو بند کیا گیا۔ سوال یہ ہے ہم کیوں ایک پروپیگنڈے کا حصہ بنیں جب کہ ہمیں معلوم ہے اس کے پیچھے اسرائیلی لابی ہے۔‘
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے بھی ایک پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی پر 750 ملین ڈالر کی غیرملکی فنڈنگ کا الزام عائد کیا تھا۔

شیئر: