Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فنڈنگ کی تحقیقات، انڈیا میں ایمنسٹی انٹرنیشنل پر 8 ملین ڈالر جرمانہ

انڈیا میں ایمنسٹی کے مقامی بینک اکاؤنٹس کو سنہ 2020 میں تحقیقات کے آغاز پر منجمد کر دیا گیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مقامی تنظیم پر تقریباً 8 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ جرمانہ حکومت کی جانب سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مقامی ونگ کی مالی تحقیقات کے بعد عائد کیا گیا جبکہ عالمی تنظیم نے کہا ہے کہ یہ انڈین حکومت کی اس کے خلاف انتقامی کارروائی کا حصہ ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں نے طویل عرصے سے یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ انہیں کشمیر کے متنازع علاقے سمیت کئی شہروں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
ایمنسٹی کے مقامی بینک اکاؤنٹس کو سنہ 2020 میں تحقیقات کے آغاز پر منجمد کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد تنظیم اپنے مقامی عملے کو فارغ کرنے اور مہم اور تحقیقی کام کو روکنے پر مجبور ہو گئی تھی۔
انڈیا میں مالیاتی جرائم کی تحقیقات کے محکمے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعے کو کہا تھا کہ ایمنسٹی نے اپنے مقامی آپریشنز کو وسعت دینے کے لیے غیر ملکی امداد لے کر غیر ملکی فنڈنگ ​​کے قوانین کی خلاف ورزی کی۔
ایک بیان میں محکمے نے کہا کہ ایمنسٹی انڈیا کو غیر قانونی طور پر غیرملکی عطیات وصول کرنے پر 6.5 ملین ڈالر کا جرمانہ کیا گیا جبکہ اس کے سابق چیف ایگزیکٹو آکر پٹیل پر 1.3 ملین ڈالر کا اضافی جرمانہ عائد کیا گیا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تازہ ترین کارروائی پر فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
سنہ 2020 میں تحقیقات کے لیے فنڈز منجمد کیے جانے پر عالمی تنظیم نے کہا تھا کہ انڈیا کی حکومت کی طرف سے اس کے اکاؤنٹس کو بے بنیاد الزامات پر منجمد کرنا انسانی حقوق کی تنظمیوں کے خلاف اس کی مسلسل انتقامی کارروائیوں کا حصہ ہے۔
ناقدین کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ہنگری کے حکمران وکٹر اوربان کی طرح انڈیا میں نریندر مودی کی حکومت نے بھی انسانی حقوق کی تنظمیوں کو سخت دباؤ میں رکھنے کے لیے ان کی بین الاقوامی فنڈنگ کو ضابطوں میں جکڑ رکھا ہے۔
نریندر مودی کے اقتدار سنبھالنے کے ایک سال بعد سنہ 2015 میں انڈین حکومت نے ماحولیاتی تنظیم گرین پیس کے انڈیا یونٹ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے۔

شیئر: