Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واثق قیوم عباسی پنجاب اسمبلی کے بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب

واثق قیوم عباسی نے 2018  کے صوبائی الیکشن میں پی پی 12 راولپنڈی 7 سے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو شکست دی تھی (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)
پاکستان تحریک  انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی واثق قیوم عباسی پنجاب اسمبلی کے بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔
سنیچر کو ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوا تاہم مقررہ وقت (شام پانچ بجے) تک اپوزیشن کے امیدوار اور پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سید علی حیدر گیلانی نے اپنے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
ایک بیان میں علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ ’سپیکر کا انتخاب شفاف نہیں ہوا، اس لیے ہم نے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔‘
واثق قیوم عباسی نے 2018  کے صوبائی الیکشن میں پی پی 12 راولپنڈی 7 سے سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو بھاری ووٹوں سے شکست دی تھی۔
واثق قیوم عباسی نے 27 ہزار 315 جبکہ ان کے مدمقابل چوہدری نثار علی خان نے 11 ہزار 99 ووٹ حاصل کیے تھے۔
خیال رہے کہ جمعے کو پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی۔
پنجاب اسمبلی کے نو منتخب سپیکر سبطین خان کی زیرصدارت جمعے کو رات گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی گئی۔
دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 186 ارکان نے ووٹ ڈالا، اس طرح وہ اپنے عہدے سے فارغ ہوگئے۔
جمعرات کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنما راجا بشارت نے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمع کرائی تھی۔

دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 186 ارکان نے ووٹ ڈالا تھا (فائل فوٹو: اے پی پی)

ایوان نے کثرت رائے سے ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد منظور کی تھی۔
یاد رہے کہ وزیراعلٰی پنجاب کے الیکشن میں دوست محمد مزاری نے ایک متنازع رولنگ دی تھی جس کے نتیجے میں مسلم لیگ ق کے 10 ووٹ شمار نہیں کیے گئے تھے۔
اس طرح ڈپٹی سپیکر نے اپنی اس رولنگ کے نتیجے میں حمزہ شہباز کو وزیراعلٰی قرار دیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے اس رولنگ کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

شیئر: