Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کے صدارتی پرچم کو بیڈشیٹ بنانے والا شخص گرفتار

پولیس کے مطابق صدارتی پرچموں کی چوری کا پتا سوشل میڈیا پوسٹ سے چلا (فائل فوٹو: سکرین گریب)
سری لنکا کی پولیس نے صدارتی محل سے پرچم چرانے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سری لنکن پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والا شخص ٹریڈ یونین لیڈر ہے جو ان پرچموں کو بیڈ شیٹ اور دھوتی کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بدترین معاشی بحران کے خلاف احتجاج کرنے والے سری لنکا کے دسیوں ہزار افراد نے صدر گوتابایا راجا پکشے کی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا تھا۔
اس کے بعد سری لنکن صدر کو ملک سے فرار ہونا پڑا تھا اور انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔
ایک پولیس افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس شخص کو جمعے کی رات اس وقت گرفتار کیا گیا جب ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں سرکاری صدارتی پرچموں کو بیڈ شیٹ اور دھوتی کے طور پر استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
’ملزم نے بتایا کہ اس نے ایک پرچم جلا دیا ہے جبکہ دوسرا برآمد کر لیا گیا ہے۔‘
پولیس افسر کے مطابق گرفتار ہونے والے یونین لیڈر کا دو ہفتے کا ریمانڈ لے لیا گیا ہے۔
لگ بھگ دو کروڑ 20 لاکھ آبادی کے حامل جزیرہ نما ملک سری لنکا میں گذشتہ کئی ماہ سے طویل لوڈشیڈنگ، مہنگائی، ایندھن اور خوراک کی قلت کے پیش نظر عوامی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
مظاہرین کی جانب سے راجا پکشے پر ریاستی وسائل کے انتظام کے حوالے سے بد انتظامی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

شیئر: