Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تاریخی لمحات دیکھیں گے‘

نریندر مودی نے سالگرہ کے موقع پر قومی پرچم گھروں پر لہرانے کو کہا۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر عوام شاندار اور تاریخی لمحات دیکھیں گے۔
اخبار انڈین اکپریس کے مطابق اتوار کو سرکاری ریڈیو پر نشر ہونے والے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں شرکت کرتے ہوئے نریندر مودی نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ 13 سے 15 اگست کے دوران ’ہر گھر ترنگا‘ کی مہم میں شامل ہوتے ہوئے اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرائیں۔
انہوں نے انڈین شہریوں سے مخاطب ہوتے ہوئے یہ بھی کہا کہ 2 سے 15 اگست تک اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پروفائل فوٹو کے بجائے قومی پرچم کی تصویر لگائیں۔
نریندر مودی نے بتایا کہ 2 اگست پنگالی ونکایا کی سالگرہ ہے جنہوں نے انڈیا کا قومی پرچم ڈیزائن کیا تھا۔
انڈیا کے قیام کی سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں منعقد ہونے والے میلوں کے متعلق نریندر مودی نے کہا کہ ان کی ثقافتی اہمیت سے آگاہ کیا۔
’جدید وقتوں میں، معاشرے کے ساتھ رابطے میں رہنے کے یہ ذرائع متحد انڈیا کے جذبے کو مضبوط کرنے کے لیے اہم ہیں۔ ہماری نوجوان نسل کو ان کے ساتھ منسلک رہنا چاہیے۔‘
نریندر مودی نے عوام سے کہا کہ وہ ان میلوں کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مخصوص ہیش ٹیگز کے ساتھ شیئر کریں تاکہ دوسروں کو بھی ان کے بارے میں پتا چلے۔
انڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارت ثقافت کو بھی یہ تصاویر بھجوائی جا سکتی ہیں اور بہترین تصویر کھینچنے والے فوٹوگرافر کو انعام دیا جائے گا۔

شیئر: