Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سر، سر کیمرا آن ہے‘ کیا شہباز شریف کی آڈیو جعلی ہے؟‎‎

وزیراعظم شہباز شریف سنیچر کو سیلاب سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لینے بلوچستان گئے تھے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے وزیراعظم شہباز شریف کی دورۂ بلوچستان کے دوران بنائی گئی ویڈیو کو ’ایڈیٹد‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیوز ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بھجوا دی ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سنیچر کو بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لینے کے لیے طیارے میں بلوچستان گئے تھے۔
شہباز شریف کی بلوچستان کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تو وائرل ہے لیکن کیا اس ویڈیو میں جو آوازیں ہیں وہ بھی اصل ہیں یا انہیں خود شامل کیا گیا ہے؟
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی ایک بحث جاری ہے۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ اصل ہے جبکہ کچھ لوگوں کا موقف ہے کہ آڈیو میں یہ تبدیلیاں بعد میں کی گئی ہیں۔
لیکن اس حوالے سے پاکستان کی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں اوریجنل اور فیک ویڈیو کا ٹائٹل دیا گیا ہے اور اس میں آڈیو بھی سنی جا سکتی ہے۔
جس میں شہباز شریف کے ساتھ موجود شخص انہیں کہتا ہے کہ ’سر کیمرا آن ہے، سر کیمرا آن ہے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے ویڈیو کو ایڈٹ کرنے کا ذمہ دار سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’سیاسی مخالفین کو غداری سے لنک کرانے والی بشری بی بی کی ’ارسلان بیٹے‘ کو ہدایت کا تازہ شاہکار۔‘
مریم اورنگزیب نے لکھا کہ ’اصلی اور بشریٰ بی بی کی تیارکردہ دونوں وڈیوز پیش خدمت ہیں۔‘
مریم اورنگزیب نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وڈیو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بھجوا دی ہے تاکہ ویڈیو میں آوازیں شامل کرنے والے جعل ساز قانون کی گرفت میں آئیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’صحافت اور آزادی اظہار کی آڑ میں جھوٹ پھیلانے، عمران خان کی کرپشن سے توجہ ہٹانے کے ایجنڈے کا حصہ بننے والوں کو بھی شرم آنی چاہیے۔‘
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ’ویڈیو میں نے بنائی اور گزشتہ روز سہہ پہر 4 بج کر28 منٹ پر میں نے میڈیا کو جاری کی تھی اور اے آر وائی کے پاس بھی اوریجنل ویڈیو موجود ہے۔‘
ٹوئٹر صارف اسماعیل آڈیو کے حوالے سے پوچھتے ہیں کہ ’ اگر بقول آپ کے ویڈیو میں آوازیں بعد میں شامل کی گئیں تو کیا اس امکان کو رد کیا جا سکتا ہے کہ اصل ویڈیو میں شامل آوازیں بعد میں نکالی گئیں؟ اب اس کا تعین کیسے ہو گا؟‘

 

شیئر: