Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے کنگ سلمان مرکز کے امدادی سامان کی دوسری کھیپ

پاکستان میں سیلاب سے بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے کنگ سلمان امداد و ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والوں کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ بھجوائی گئی ہے۔
غذائی سامان پر مشتمل دوسری ہنگامی امداد نیشنل ڈیراسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے حوالے کر دی گئی ہے، جس میں 20 ٹرک شامل ہیں اور ان پر 190 ٹن سامان لدا ہوا ہے۔
 اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے سے جمعے کو جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ دو ہزار فوڈ پیکئجز بلوچستان اور دیگر شمالی علاقوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
فوڈ پیکیج میں تمام ضروری اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق ایک فوڈ پیکیج کا وزن 95 کلوگرام تک ہے، جس میں 80 کلو آٹا، پانچ لیٹر پکانے کا تیل، پانچ کلو چینی اور پانچ کلو دال چنا شامل ہے۔
این ڈی ایم اے کو دی جانے والا سامان سے 14 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
حال ہی میں کے ایس ریلیف نے این ڈی ایم اے کے تعاون سے بلوچستان کے چھ اضلاع لسبیلہ، خضدار، کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ سمیت دیگر علاقون میں سیلاب سے متاثر ہونے والوں میں تین ہزار فوڈ پیکیج تقسیم کیے تھے، جن سے 21 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
خیال رہے پچھلے چند روز میں پاکستان میں مون سون کی بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

شیئر: