Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی معتمرین کمپنیوں سے مصدقہ پیکیج حاصل کریں

وزارت حج کا کہنا ہے کہ داخلی عمرہ کمپنیوں کو لائسنس جاری کیے گئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اندرون ملک سے عمرہ کرنے والے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تاکید کی ہے کہ کسی بھی عمرہ  کمپنی یا ادارے کے توسط سے عمرہ پروگرام  بناتے وقت مصدقہ عمرہ پیکیج کی دستاویز ضرور حاصل کریں۔ 
 اخبار 24 کے مطابق وزارت نے تاکید کی ہے کہ عمرہ پیکیج کے تحت جن سہولتوں پر متعلقہ کمپنی یا ادارے کے ساتھ اتفاق ہوتا ہے اسے تحریری شکل میں لانا ضروری ہے، اور تحریر کی تصدیق بھی لازمی ہے تاکہ کسی بھی تنازع کی صورت میں اسے قانونی بنیاد کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔ 
وزارت حج نے توجہ دلائی ہے  کہ اندرون مملکت سے عمرہ کرانے کے لیے متعدد کمپنیوں اور اداروں کو لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔ زائرین کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ عمرہ پروگرام لائسنس ہولڈر کمپنیوں کے ذریعے ہی کریں۔ ان سے عمرہ پیکیج لیتے وقت رہائش، ٹرانسپورٹ، کھانے پینے اور آنے جانے کے اوقات اور تاریخیں بھی کنفرم کریں۔ 
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے  نیا عمرہ موسم شروع ہونے پر زائرین کے لیے ٹیکنالوجی پروگرام اور تکنیکی کارروائی کا بندوبست کیا ہے۔ 
وزارت چاہتی ہے کہ زائرین متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے عمرے کا سفر آرام و راحت سے کریں۔ 

شیئر: