اوآئی سی کی فلسطینی علاقوں پراسرائیلی حملوں کی مذمت
عالمی برادری حملے کرنے والوں کا احتساب کرے۔ (فوٹو سبق)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے مسلسل جارحانہ حملوں اور 9 اگست کو تین فلسطینی شہریوں کے قتل اور دیگر 70 کو زخمی کرنے کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کردی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق او آئی سی نے نابلس شہر پر یلغار کے دوران فلسطینیوں کی املاک اور گھروں کو تباہ کرنے کے اسرائیلی اقدام پر بھی سخت خفگی کا اظہار کیا ہے۔
او آئی سی نے کہا ہے کہ اس گھناؤنے جرم کی مکمل ذمے داری قابض اسرائیلی حکام پر عائد ہوتی ہے جو فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل دہشت گردی، جارحیت اور ان کی جڑیں مٹانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
او آئی سی نے ایک بار پھر عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کرکے اسرائیل کے جارحانہ حملے اور مجرمانہ سرگرمیاں بند کرائے۔ حملے کرنے والوں کا احتساب کرے اور فلسطینی عوام نیز مقامات مقدسہ کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کیا جائے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں