Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں حملہ، تین اہلکار ہلاک

عسکریت پسندوں نے راجوری کے علاقے میں فوجی چوکی پر حملہ کیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کے فوجی چوکی پر حملے میں انڈین فوج کے تین اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حملہ مسلم اکثریت والے علاقے راجوڑی میں جمعرات کی صبح کو ہوا، جوابی کارروائی میں دو حملہ آور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
انڈین فوج کے افسر نے روئٹرز کو بتایا کہ فوجی چوکی پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
اہلکار نے بتایا کہ ’حملے میں تین انڈین فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔‘
خیال رہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے یہ حملہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے تین سال مکمل ہونے کے بعد ہوا ہے، جبکہ دوسری جانب پیر کو انڈیا اپنی آزادی کی 75 ویں سالگرہ منائے گا۔
انڈیا کی ہندو قوم پرست حکومت کی جانب سےکشمیریوں سے ان کی خصوصی حیثیت چھیننے کے اقدام کو مسلمانوں کے حقوق سلب کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ تاہم انڈین حکومت نے ان الزام کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ اس سے خطے میں ترقی ہو گی اور ملک کے دیگر حصوں کے قریب لایا جا سکے گا۔
اس سے قبل انڈین وزیراعظم نریندر مودی کہہ چکے ہیں کہ ملک کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر عوام شاندار اور تاریخی لمحات دیکھیں گے۔
انڈیا کے ایک سرکاری ریڈیو پر نشر ہونے والے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں شرکت کرتے ہوئے نریندر مودی نے تمام شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ 13 سے 15 اگست کے دوران ’ہر گھر ترنگا‘ کی مہم میں شامل ہوتے ہوئے اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرائیں۔

انڈیا کی 75ویں سالگرہ سے چند دن قبل عسکریت پسندوں نے حملہ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم نریندر مودی نے انڈین شہریوں سے مخاطب ہوتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ 2 سے 15 اگست تک اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پروفائل فوٹو کے بجائے قومی پرچم کی تصویر لگائیں۔

شیئر: